سانحہ مچھ: وزیراعظم عمران خان رواں ہفتے کوئٹہ جائیں گے

اربن فارسٹری آلودگی سے نمٹنے کا بہترین طریقہ ہے، وزیر اعظم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سانحہ مچھ کے متاثرین سے اظہار تعزیت کے لیے رواں ہفتے کوئٹہ جائیں گے۔ 

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ دورہ کوئٹہ کے شیڈول سے جلد آگاہ کیا جائے گا، مچھ میں جو ہوا غلط ہوا اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی ایسےدلخراش واقعات ہوتےرہےہیں، سانحہ مچھ کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ متاثرین کی جانب سے کوئی غیرمناسب بات نہیں کی گئی۔ چاہتے ہیں جاں بحق افراد کی تدفین ہو اور انہیں طے شدہ معاوضہ بروقت ملے۔

انہوں نے کہا کہ بعض لوگوں کی جانب سےایسے واقعات پر پیچیدگیاں پیدا کی جاتی ہیں، ورثے میں ملے مسائل دو سال میں ختم کرکے ملک کو سویڈن نہیں بنا سکتے۔

قبل ازیں مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرادری سانحہ مچھ کے لواحقین کے دھرنے میں پہنچے اور شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

سانحہ مچھ کے شہدا کے لواحقین سے خطاب میں چیئرمین پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کا فرض ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افسوس ہے کہ ہم ایسے ملک میں  رہ رہے ہیں جہاں شہیدوں کیلئے بھی احتجاج کرنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ مچھ: مریم نواز اور بلاول بھٹو کا شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سانحہ مچھ کا واقعہ بہت افسوسناک اورقابل مذمت ہے،ہم یہاں ہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے آئے ہیں۔

سانحہ مچھ کے شہدا کے لواحقین کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ مچھ واقعہ انتہائی افسوسناک اوردل دہلا دینے والا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو سخت سردی میں بیٹھے ورثا کے سروں پر ہاتھ رکھنا چاہیے۔

انہوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آپ کو وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بٹھا دیا گیا مگر آپ کو قوم کا احساس نہیں۔ 


متعلقہ خبریں