لاہور: اغوا ہونے والے آٹھ سالہ بچے کی لاش برآمد

فوٹو: فائل


لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں  ایک روز پہلے اغواء ہونے والے آٹھ سالہ بچے کی لاش نالے سے برآمد ہو گئی ہے۔ 

لاہور کا رہائشی آٹھ سالہ ارسلان گزشتہ روز کماہاں گاؤں سے لاپتہ ہوا تھا جس کے اغواء کا مقدمہ بھی درج کيا گيا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: پالتو کتے کو گولیاں مارنے پر پڑوسی کے خلاف مقدمہ درج

چوبيس گھنٹے بعد گھر سے تقريبا 6 کلو ميٹر دور آشيانہ انٹرچينج کے قريب نالے سے آٹھ سالہ ننھے ارسلان کی لاش مل گئی۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے غم سے نڈھال ارسلان کی والدہ نسرین بی بی کا کہنا تھا کہ پہلے بیٹی اغوا ہوئی وہ چوبیس گھنٹوں بعد مل گئی لیکن اب بچہ اغوا ہوا جس کی لاش ملی۔

معصوم بچے کے قتل پر نہ صرف ورثا شدت غم سے نڈھال ہيں بلکہ علاقہ مکين بھی پریشانی کا شکار ہیں۔ 

ارسلان کے محلے داروں نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس محلے سے چھ ماہ میں تین بچے اغوا ہوئے ہیں۔

مقتول ارسلان کے محلے سے چھ ماہ پہلے لاپتہ ہونے والے 6 سالہ عابد کا بھی تاحال کوئی سراغ نہيں مل سکا۔ 

گزشتہ روز صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقہ کاہنہ میں دو بہنوں کو اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسامہ ستی قتل:گاڑی تھانے میں کھڑی کر کے پیچھے سے گولیاں ماری گئیں

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں بہنوں کو 26 نومبر کو کاہنہ سے اغوا کیا گیا تھا۔ دونوں کی لاشیں دو روز قبل نالے سے برآمد ہوئی تھیں۔

پولیس حکام نے ہم نیوز کو یہ بھی بتایا کہ دونوں بہنیں شادی شدہ ہیں جنہیں گلا کاٹ کر قتل کیا گیا۔ دونوں بہنوں کے اغوا اور قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں