سانحہ مچھ:ہزارہ برادری چھٹے روز بھی وزیراعظم کی منتظر

سانحہ مچھ

فوٹو: فائل


کوئٹہ: سانحہ مچھ کے شہدا کے لواحقین کا دھرنا چھٹے روز میں داخل ہوگیا ہے اور وہ میتوں کے ہمراہ وزیراعظم کے آنے کا انتظار کر رہے ہیں۔

شہدا ایکشن کمیٹی ممبران نے  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم یہاں آئیں، یہ نہ سوچیں ان پر تنقید ہوگی۔ ان کی عزت میں اضافہ ہوگا، کہا ہم نہ حکومت کے خلاف ہیں نہ کسی سیاسی جماعت کے ساتھ ہیں۔ اگر 24 گھنٹوں کےاندرہماری دادرسی ہوتی تو یہ نوبت نہ آتی۔

شہدا کے لواحقین کے ساتھ مذاکرات کے پانچ دور ہوچکے ہیں جس میں حکومت کو کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے آنے تک اپنا دھرنا ختم نہیں کریں گے۔ گزشتہ روز وزیراعظم نے بھی درخواست کی تھی کہ میتوں کو دفنا دیں میں ہزارہ برادری سے ملنے ضرور آؤں گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ہزارہ برادری سے اظہار تعزیت کرنے کیلئے کوئٹہ جانےکا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دورے کا اعلان سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے قبل از وقت نہیں کیا جائےگا۔ دورے کا دن اور وقت خفیہ رکھا جائے گا۔ وزیراعظم کے دورہ کے شیڈول کے حوالے سے مشاورت جاری۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے گزشتہ روز کہا تھا کہ وزیراعظم عمران سانحہ مچھ کے متاثرین سے اظہار تعزیت کیلئے رواں ہفتے کوئٹہ جائیں گے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ متاثرین کی جانب سے کوئی غیرمناسب بات نہیں کی گئی۔ چاہتے ہیں جاں بحق افراد کی تدفین ہو اور انہیں طے شدہ معاوضہ بروقت ملے۔

گزشتہ روزمسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرادری سانحہ مچھ کے لواحقین کے دھرنے میں پہنچے اور شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔


متعلقہ خبریں