ملک کے متعدد شہروں میں بجلی جزوی بحال



اسلام آباد: ملک گیر پاور بریک ڈاؤن کے 21 گھنٹے بعد بجلی بحال ہونے لگی ہے۔

ملک کے متعدد شہروں میں بجلی جزوی طور پر بحال ہوچکی ہے جب کہ پاور مینجمنٹ کی وجہ سے بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے۔

این ٹی ڈی سی نے ملک بھر کے گرڈ اسٹیشن چلانے کا دعویٰ کیا ہے۔ کراچی اور اسلام آباد میں بجلی مکمل طور پر بحال ہوچکی ہے۔

تاہم لاہور اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تاحال بجلی بحال نہیں ہوئی۔ کوئٹہ، پشاور، حیدرآباد اور ملتان کے زیادہ تر علاقوں میں بجلی آگئی۔ فیصل آباد، گوجرانوالہ اور نوابشاہ میں بھی بجلی بحال ہوچکی ہے۔

وزیر توانائی عمرایوب نے ملک بھر میں پاور بریک ڈاؤن  کے حوالے سے کہا ہے کہ تمام ٹیمیں اپنے اسٹیشنز پر پہنچ چکی ہیں، بجلی بحالی کے کام کی خود نگرانی کررہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو بجلی بحالی سے متعلق آگاہ رکھاجائے گا، ترسیلی نظام میں فریکوینسی 50 سے صفر ہونے پر بجلی بند ہے، فریکوینسی گرنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے۔

عمر ایوب نے تحریر کیا کہ تربیلا پاور پلانٹ کو چلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تربیلا پاو رپلانٹ چلنے سے ترتیب وار بجلی کا نظام بحال ہوگا۔

ہم نیوز کے ذرائع کے مطابق این ٹی ڈی سی کا500 کےوی کا سسٹم ٹرپ کر گیا ہے جس کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں