پاوربریک ڈاؤن کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل

پاوربریک ڈاؤن کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل

فائل فوٹو


اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی کے بریک ڈاؤن کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

بریک ڈاوَن کی تحقیقات کے لیے کمیٹی ایم ڈی این ٹی ڈی سی نے تشکیل دی ہے۔ کمیٹی کے کنوینرمیں جنرل مینجر جی ایس او ملک جاوید بھی شامل ہیں۔

ترجمان این ٹی ڈی سی کا کہنا ہے کہ بجلی کی ترسیلی نظام کو بحال کرنے کی بھرپور کوشش جاری ہے۔ پہلے اسلام آباد پھر مرحلہ وار پورے ملک میں بجلی بحال کی جائے گی۔

 پاور بڑا بریک ڈاؤن کے سبب پورا ملک تاریکی میں ڈوبا رہا اور نو سے زائد گھنٹے گزرجانے کے باوجود بجلی سے محروم ہیں۔

تربیلا پاور ہاؤس کے تین یونٹس چلا دیئے گئے ہیں اور بعض علاقوں میں  بجلی جزوی بحال ہوگئی ہے۔ وفاقی وزیرعمر ایوب کے مطابق وارسک پاور ہاؤس کے یونٹس بھی بحال کردئیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاور بریک ڈاؤن: بیشترعلاقے تاحال بجلی سے محروم

اسلام آباد کے متعدد علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے۔ زیرو پوائنٹ گرڈ کے 19فیڈرز پر بجلی بحال ہے۔

پنجاب  میں بھی بجلی کی بحالی کا سلسلہ جاری ہے۔ ملتان میں ایک سو بتیس کے وی کے آٹھ گرڈز پر بجلی کی سپلائی بحال کر دی گئی ہے۔

کےالیکٹرک کے60فیڈرز پر بجلی کی فراہمی شروع ہوگئی ہے۔ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا اورنگی ٹاؤن میں بجلی بحال، ریڈزون کے علاقوں میں بجلی کی سپلائی  شروع ہوچکی ہے۔

کھاریاں، لالہ موسیٰ اور گجرات  میں بھی روشنی لوٹ آئی، سنگجانی ،  ملتان اور مظفرگڑھ میں بھی بجلی جزوی طورپر بحال،  گجرخان اور جہلم کے علاقوں میں  گیارہ کے وی کے فیڈرز پر بجلی بحال، لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، صادق آباد، منچن آباد، کوٹ ادو، رحیم یار خان میں بجلی تاحال غائب ہے۔

خیبرپختونخوا میں بھی بجلی کی بحالی جاری ہے۔ ورسک پاور ہاؤس اور مردان گرڈ سے بیشتر علاقوں کو بجلی کی سپلائی، پشاور میں132 کے وی کے  چار گرڈ ز پر بھی بجلی بحال ہوچکی ہے۔

بلوچستان میں بجلی کی سپلائی بحال نہ ہوسکی،  کوئٹہ، سبی، تربت اور چمن سمیت کئی شہر تاحال بجلی سے محروم ہیں۔


متعلقہ خبریں