بجلی کن شہروں میں بحال ہوئی؟

کراچی کا بڑا حصہ بجلی سے محروم

فائل فوٹو


پاور بریک ڈاؤن کے سبب پورا ملک رات بھر تاریکی میں ڈوبا رہا اور تاحال بیشترعلاقے بجلی سے محروم ہیں۔

وزیرتوانائی عمرایوب کے مطابق ملک کے بیشتر شہروں میں بجلی کی ترسیل بحال ہوگئی ہے اور سسٹم کو واپس آن لائن آنے میں مزید کچھ گھنٹے لگیں گے۔

پشاورسمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بجلی کا طویل بریک ڈاون جاری ہے لیکن پشاور کینٹ اور سٹی میں بجلی جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔ یونیورسٹی ٹاون، نوتھیہ، گلبہار،حاجی کیمپ میں اب تک بجلی بحال نہیں ہوسکی۔

آئیسکو

آئیسکو کے بیشترعلاقوں میں بجلی بحال ہوگئی ہے۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی شروع کردی گئی ہے۔ اسلام آباد کے ریڈزون میں بھی بجلی بحال ہے اور دیگر علاقوں میں بحالی کا کام جاری ہے۔

میپکو

ملتان میں جزوی طور پر بجلی بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔ میپکو ریجن میں 132 کے وی اور11 کے وی سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ 11کےوی سے آئندہ چند گھنٹوں میں مکمل طور پر بجلی کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:پاور بریک ڈاؤن: بیشترعلاقے تاحال بجلی سے محروم

میپکو حکام کا کہنا ہے کہ قاسم پور گرڈ اسٹیشن اور وہاڑی چوک گرڈ اسٹیشن سے بجلی ہوگئی ہے اور مرحلہ وار پورے ریجن میں بجلی بحال کر دی جائے گی۔

کے الیکٹرک

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بجلی کی بحالی کا عمل مرحلہ وار جاری ہے۔ پمپنگ اسٹیشنز، اسپتال اور اسٹریٹیجک تنصیبات کیلئے بجلی بحال کی جارہی ہے۔

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی بحال کی جاچکی ہے۔ کے ڈبلیو ایس بی کے متاثرہ اسٹیشنز پر بجلی بحالی کا عمل جاری ہے۔ لانڈھی، میمن گوٹھ، بلدیہ اور کلفٹن کے کچھ علاقوں میں بجلی بحال ہوچکی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور کے الیکٹرک کا تکنیکی عملہ فیلڈ میں موجود ہے۔

گیپکو

گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) ریجن کے تمام علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے۔ گیپکو کے 132کے وی گجرات ون اور 2ڈنگہ، ہیلاں، کھاریاں، منڈی بہاؤالدین، ملکوال، کٹھیالہ شیخاں، سیالکوٹ، نارووال اور حافظ آباد کے تمام گرڈ اسٹیشنوں سے بجلی بحال ہوچکی ہے۔

پنجاب

پنجاب میں بھی بجلی کی بحالی کا سلسلہ جاری ہے۔ ملتان میں ایک سو بتیس کے وی کے آٹھ گرڈز پر بجلی کی سپلائی بحال کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پورے ملک میں پاور بریک ڈاؤن کیسے ہوا؟

کھاریاں، لالہ موسیٰ اور گجرات  میں بھی روشنی لوٹ آئی، سنگجانی ،  ملتان اور مظفرگڑھ میں بھی بجلی جزوی طورپر بحال،  گجرخان اور جہلم کے علاقوں میں  گیارہ کے وی کے فیڈرز پر بجلی بحال، لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، صادق آباد، منچن آباد، کوٹ ادو، رحیم یار خان میں بجلی تاحال غائب ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں بجلی کی سپلائی بحال نہ ہوسکی،  کوئٹہ، سبی، تربت اور چمن سمیت کئی شہر تاحال بجلی سے محروم ہیں۔

کیسکو ترجمان کے مطابق  بلوچستان کے 30 اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل۔ اب تک صوبے کے کسی علاقے میں بجلی بحال نہیں ہوسکی۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں بھی بجلی کی بحالی جاری ہے۔ ورسک پاور ہاؤس اور مردان گرڈ سے بیشتر علاقوں کو بجلی کی سپلائی، پشاور میں132 کے وی کے  چار گرڈ ز پر بھی بجلی بحال ہوچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاوربریک ڈاؤن کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل

پیسکو کا کہنا ہے کہ صوبے کےمختلف گرڈز کی بحالی مرحلہ وار کی جا رہی ہے۔ 36فیصد گرڈز سے بجلی بحال کر دی گئی ہے۔

پشاور کینٹ اور سٹی میں بجلی جزوی طور پر بحال ہوگئی ہے جب کہ حیات آباد سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی تاحال غائب ہے۔

سندھ

حیدرآباد، جامشورو سے بھی مرکزی ٹرانسمیشن لائن سے بجلی معطل ہوئی۔ کراچی ڈویژن، حیدرآباد ڈویژن سمیت سندھ بھر میں بھی بلیک آوٹ ہوا۔ ٹھٹھہ اور سجاول ضلع میں بھی بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا۔


متعلقہ خبریں