پاور بریک ڈاؤن میں پاک بھارت جنگ اور مارشل لا کی افواہیں

پاور بریک ڈاؤن میں پاک بھارت جنگ اور مارشل لا کی افواہیں

ہفتے کی شب 11بج کر41 منٹ پر بجلی کے بلیک آوٹ کے باعث70 فیصد سے زائد ملک تاریکی میں ڈوبا رہا اور رابطے منقطع ہونے کے سبب کئی قسم کی افواہوں نے بھی جنم لیا۔

ہم نیوز کے ساتھ بات کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ اتنی کوفت بجلی کی بندش سے نہیں ہوئی جتنا افواہوں نے پریشان کیا۔

سوشل میڈیا پر پاک بھارت جنگ کی اوفواہ بھی پھیلی اور مارشل لا بھی ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ پاک بھارت جنگ کی افواہ اس وقت پھیلی جب ایک ٹویئٹر صارف نے پاکستان ایئر فورس کو الرٹ رہنے کا مشورہ دیا۔

’مارشل لا‘ اور ’بلیک آؤٹ پاکستان‘ کے ٹرینڈ میں لوگوں نے افواہیں پھیلانے والوں کا مذاق بھی اڑایا اور حکومت پر سخت تنقید بھی کی۔

ہم نیوز کے نمائندہ لاہور سے بات کرتے ہوئے ایک شہری نے کہا کہ’افواہیں بہت پھیل گئیں کسی نے کہا کہ بھارت نے حملہ کردیا ہے،لاہور تو ویسے بھی بارڈر کے قریب ہے اس لیے زیادہ تشویش ہوئی، جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو خیال کرنا چاہیئے‘۔

بجلی کے تعطل سے متعلق بحث کے دوران ہی وزارت توانائی نے خبر دی کہ بحالی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ وزارت توانائی اور حکومتی وزرا کی جانب سے ٹویٹ کے بعد افواہوں کا سلسلہ کم ہوا۔

کچھ ٹائم لائنز پر خدشات اور افواہوں کا ذکر ہوا تو جواب میں دیگر صارفین افواہیں نہ پھیلانے کا مشورہ دیا۔

وزیراعظم کے مشیرشہباز گل نے ایسی ہی ایک ٹویٹ پر تبصرہ کیا تو لکھا ’آپ تو ہر وقت فلم بنے رہتے ہیں‘۔

وزارت توانائی کی جانب سے صارفین کو تکنیکی پہلو بتا کر بجلی کی خرابی کی وجہ بتائی گئی تو سوشل میڈیا صارفین نے ساری بحث کو حس و مزاح میں تبدیل کر دیا۔


متعلقہ خبریں