بجلی بند، کراچی میں پانی کے بحران کا خدشہ


کراچی: پاکستان میں پاور بریک ڈاؤن کو 12 سے زائد گھنٹے ہوگئے ہیں اور بجلی کی فراہمی تاحال مکمل بحال نہیں ہوسکی۔

کراچی میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی بریک ڈاؤن کے باعث تمام واٹر پمپنگ تاحال بند ہے۔ ٹھٹھہ پمپ بند ہونے سے کراچی کو 3کروڑ گیلن پانی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

دوسری جانب کے الیکٹرک حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے 70 فیصد علاقوں کو بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے۔گزشتہ رات سے اب تک 150 فیڈرز کو بحال کیا جا چکا ہے اور جن علاقوں میں بجلی نہیں وہاں امدادی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: سمندر کنارے پانی کو ترسنے والا شہر

کے الیکٹرک کے مطابق ترسیلی نظام بشمول تمام گرڈز پر بجلی کی بحالی عمل میں لائی جاچکی ہے اور فیڈرز کی بحالی کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔

ذرائع ہم نیوز کے مطابق کراچی کے رہائشی علاقوں میں بجلی کی فراہمی تاحال معمول پر نہیں آسکی۔ نیو کراچی، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، ملیر، گودھرا، سہراب گوٹھ، بن قاسم اور لانڈھی میں بھی بحال نہیں ہو سکی۔

کے الیکٹرک حکام کا کہنا ہے کہ پمپنگ اسٹیشنز، اسپتال اور اسٹریٹیجک تنصیبات کیلئے بجلی بحال کی جارہی ہے اور تکنیکی عملہ فیلڈ میں موجود ہے۔


متعلقہ خبریں