عمران خان کو تو جانا ہوگا، مولانا فضل الرحمان



لورالائی: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا  فضل الرحمان نے  کہا کہ یاد رکھیں عمران خان کو تو جانا ہی جانا ہے، ہماری جنگ پارلیمنٹ کی خودمختاری اور قانون کی عملداری کیلئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر ہیں، قوم ایک پلیٹ فارم پر ہے، یہ موجیں مارتا سمندر کوئی مقاصد، کوئی نظریہ رکھتا ہے۔ ملک میں جمہوری فضا نہیں ہے اور ہم آئین کی بالادستی چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ حکومت سے بیزار ہوچکے ہیں۔  آج فیصلہ کن وقت آگیا ہے۔ حکومت کا کوئی وژن نہیں،عوام پریشان ہوچکے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان نے ملک کی معیشت کا کباڑہ کردیا۔ لوگوں کی قوت خرید جواب دے گئی ہے اور مہنگائی ہی مہنگائی ہے۔

پورے خطے میں ایک پاکستان ہے جس کی معیشت ڈوب رہی ہے، افغانستان کی معیشت ترقی کررہی ہے، ایرانی کی معیشت ہم سے طاقتور ہے۔

افغانستان ہمارا ساتھ دینے کیلئے تیار نہیں، چین پاکستان سے ناراض ہے۔ آج ہماری مدد کرنے والا کوئی نہیں، پڑوسی ملک ہمارا ساتھ نہیں دے رہا۔

پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں میں خود اعتمادی نام کی چیز نہیں۔ آج ہم آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں۔ یہ جعلی حکومت، جعلی وزیراعظم ہے اسے تو عقل ہی نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں