ترک صدر طیب اردوان کو کورونا ویکسین لگا دی گئی

ترکی: کورونا، ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا

فوٹو: فائل


انقرہ: ترکی کے صدر طیب اردوان کو کورونا ویکسین لگا دی گئی ہے، اردوان کو دارالحکومت انقرہ کے اسپتال میں کورونا وائرس ویکسین کا ٹیکہ لگایا گیا۔ 

ویکسین لگوانے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ترک صدر کی جانب سے شیئر کیے گئے ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ مجھے خیریت کے ساتھ کورونا ویکسین لگا دی گئی ہے۔

طیب اردوان نے تحریر کیا کہ میرے ساتھ پارٹی کے متعدد رہنماؤں کو بھی ویکسین لگا دی گئی ہے۔

ترک صدر طیب اردوان نے لکھا کہ ترکی میں تاحال 2 لاکھ 56 ہزار افراد کو ویکسین دی جاچکی ہے جب کہ بہت جلد 3 کروڑ ویکسین چین سے ترکی پہنچ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین سے ویکسین آنے کے بعد تمام افراد کو ویکسین لگا دی جائے گی۔ طیب ایردوان نے کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کے پیاروں سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

خیال رہے کہ ترکی میں کورونا وائرس سے 23 لاکھ 64 ہزار801افراد متاثر اور23 ہزار495 ہلاک ہو چکے ہیں۔

عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں9 کروڑ35لاکھ33 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 20 لاکھ2 ہزار 407اموات ہو چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: برازیل: کورونا کی نئی قسم دریافت، برطانیہ نے سفری پابندیاں لگادیں

دنیا میں کورونا کے 6 کروڑ68لاکھ12 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے اور 2 کروڑ47 لاکھ18 ہزار سے زائد زیر علاج ہیں۔

امریکہ میں کورونا کی صورتحال سب سے خوفناک ہے جہاں 3 لاکھ 97ہزار994 اموات ہوچکی ہیں اور2 کروڑ38 لاکھ48ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔

بھارت کورونا کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں اموات کی تعداد ایک لاکھ 51 ہزار954 اور ایک کروڑ5 لاکھ 28ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

برازیل میں کورونا سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد2 لاکھ7ہزار160اور83 لاکھ26 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔


متعلقہ خبریں