سندھ نے کورونا ویکسین خریدنے کیلئے وفاق سے اجازت مانگ لی


کراچی: سندھ نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین خریدنے کے لیے وفاق سے اجازت مانگ لی۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چین سے کورونا سے بچاوَ کی ویکسین کی بات کرنا وفاق کی ذمہ داری ہے اور پاکستان میں چین کی ویکسین کے ٹرائل بھی ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور وائرس میں تبدیلی کی شرح ہماری توقع سے زیادہ ہے اور ہم چاہتے ہیں سندھ میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین جلد سے جلد آئے۔

عذرا پیچوہو نے کہا کہ ہم عوام کو ویکسین مفت لگانا چاہتے ہیں اور ہم نے 70 سے 80 فیصد لوگوں کو ویکسین لگوانی ہے جبکہ ویکسین آنے کے بعد بھی ماسک کا استعمال لازمی کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نیب کی وجہ سے لوگ خودکشی کرتے ہیں، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ میں بہت سے منصوبے ہیں اور ہم نے کراچی سے لے کر مختلف علاقوں میں منصوبوں پر کام کیا ہے جبکہ ہم نے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم صنعتکاروں کے مسائل حل کریں گے اور اسمارٹ شناختی کارڈ جیسا کارڈ مزدور کا اے ٹی ایم اور ہیلتھ کارڈ بھی ہو گا۔ قانون میں بھی معمولی سی ترمیم کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں