پاکستان جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز، میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا گیا

لاہور: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا۔

اعلان کردہ پینل میں شامل دونوں آن فیلڈ امپائرز علیم ڈار اور احسن رضا پہلی مرتبہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

میچ ریفری جاوید ملک بھی پہلی مرتبہ ٹیسٹ فارمیٹ میں میچ ریفری کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل علیم ڈار اب تک 132 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔ انہوں نے 2003 میں ڈھاکہ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پہلی مرتبہ کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کی تھی۔

انٹرنیشنل پینل میں شامل احسن رضا اب تک 37 ایک روزہ انٹرنیشنل اور 57 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف ریفریز کے رکن جاوید ملک اب تک 10 ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں اور چھ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں ریفری کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے مابین دونوں ٹیسٹ میچوں میں تھرڈ اور فورتھ امپائر کے فرائض آصف یعقوب اور راشد ریاض انجام دیں گے۔

سیریز میں شامل دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 4 فروری کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہو گا۔

آئی سی سی کے ہر طرز کی کرکٹ سے متعلق عبوری ضوابط کے مطابق حالیہ لاجسٹک چیلنجز کی وجہ سے ٹیسٹ میچ میں تیسرے ملک کے میچ آفیشل کی تقرری سے متعلق شرط ختم ہوچکی ہے تاہم آئی سی سی اب بھی اپنے ایلیٹ اور انٹرنیشنل پینل میں موجود آفیشلز کی ہی تقرری کر رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز