بلاول بھٹو کا وزیراعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ

وزیر اعظم مستعفی ہوں، غلطیوں پر قوم سے معافی مانگیں: بلاول

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی تمام پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں، وفاقی حکومت غریب دشمن پالیسی اپنائی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدترین مہنگائی میں اسٹیل ملز کے ملازمین کو فارغ کیا گیا، حکومت کو معلوم ہی نہیں ہے کہ عام آدمی کن مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے سندھ کے اسپتالوں کو زبردستی ضبط کرنے کا آرڈیننس نکالا ہے،آج ملک میں مہنگائی افغانستان اور بنگلہ دیش سے زیادہ ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ناجائز وزیراعظم کی وجہ سے پورا پاکستان بلیک آؤٹ ہو جاتا ہے۔

عوام سے وعدہ کرتا ہوں، ملکر کٹھ پتلیوں کو بھگائیں گے: بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کو تباہ کر دیا، ملائیشیا میں پی آئی اے کے طیارے کو تحویل میں لیا گیا کیونکہ لیز ادا نہیں کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آج جہاں کھڑا ہے، تاریخ میں اس مقام پر نہیں تھا، بجلی ،پیٹرول اور گیس کی قیمتیں ہر ماہ بڑھائی جاتی ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نے آج تک کورونا کے خاتمے کیلئے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اب تک کورونا ویکسین منگوانے کیلئے بندوبست ہی نہیں کیا، سندھ حکومت کو امید تھی کہ جنوری تک ویکسین لگانے کا عمل شروع ہو جائے گا۔


متعلقہ خبریں