ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کون سے ڈرامے دیکھتے ہیں؟


اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائیریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے ہم ٹی وی کی 16 ویں سالگرہ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کبھی کبھار ڈرامے بھی دیکھتے ہیں۔

تقریب کی ہوسٹ شفاء یوسفزئی کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ وہ اسٹریٹجک نوعیت کے ڈرامے دیکھتے تھے مگر اب انہیں دیکھنے کا وقت نہیں ملتا۔

اس موقع پر  ڈی جی آئی ایس پی آر نے ہم ٹی وی کی 16ویں سالگرہ پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نیٹ ورک 16 سال سے پاکستان کا سافٹ امیج دنیا بھر میں بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عہد وفا کے طرز کے پائپ لائن میں بہت سے پراجیکٹس ہیں جو ہم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عہد وفا کو نوجوانوں نے بہت پسند کیا۔ آئی ایس پی آر اور ہم ٹی وی کی مشترکہ پروڈکشن کو بہت پیار ملا۔ مستقبل میں ہم مزید ایسے پراجیکٹس لے کر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں مبارکباد دیتا ہوں، ہم ٹی وی کو پاکستان کا سافٹر امیج باہر کے ملکوں میں پہنچانے کے لیے ہمیں ایسی بہت سی اچھی چیزوں کی توقع ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے صفِ اول کے انٹرٹینمنٹ چینل ’ہم ٹی وی‘ کی سولہویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد میں ستاروں سے جگمگاتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کی میزبانی کے فرائض من موہنی صورت والی اداکارہ و ماڈل زارا نور عباس اور اپنی منفرد کامیڈی کی وجہ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار احمد علی بٹ نے سر انجام دیے۔

ہم ٹی وی کی 16 ویں سالگرہ کی تقریب میں شوبز انڈسٹری سے وابستہ کئی نامور ستاروں نے شرکت کی جن میں حمزہ علی عباسی، نیمل خاور، حریم فاروق، فرحان سعید، سارہ خان، ونیزہ احمد، مومنہ درید ، صدر ہم نیٹ ورک سلطانہ صدیقی ، سی ای او ہم نیٹ ورک درید قریشی اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار موجود تھے۔

2021 کے آغاز میں ہی ہم نیٹ ورک اپنے مداحوں کے لیے کئی نئے، اچھوتے اور دل کو چھو جانے والے میگا ڈرامہ سیریلز لایا ہے جن میں رقصِ بسمل، رقیب سے، پھانس اور دیگر کئی پراجیکٹس شامل ہیں۔

ہم ٹی وی، خالص انٹرٹینمنٹ کے 16 سال 

اپنے سفر کے 16 سالوں کے دوران  ہم ٹی وی نے خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ہم ٹی وی نے نہ صرف خواتین کے مسائل کو اجاگر کیا بلکہ ایسے موضوعات اور مسائل کو بھی آن اسکرین عوام کے سامنے لایا جن پر بات کرنا عام طور پر معیوب سمجھا جاتا ہے۔

معاشرے کی اصلاح کے حوالے سے ہم ٹی وی کی ان کاوشوں کو عوام نے بہت پذیرائی بخشی جو اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ہم ٹی وی اپنے مقصد میں کامیاب رہا۔

گزشتہ سال ہم ویمن لیڈر ایوارڈز کے کامیاب افتتاحی ایڈیشن کے بعد ، اس سال بھی ہم نیٹ ورک پوری دنیا میں ہماری خواتین اور خواتین رہنماؤں کی کامیابیوں کو منائے گا۔

پہلا فوڈ چینل ہو، کسی انٹرٹینمنٹ کا پہلا ایوارڈ شو ہو، نیا ٹیلنٹ متعارف کرانا ہو، بڑے پیمانے پر فیشن ایونٹس کا انعقاد ہو یا پھر دنیا کے مختلف حصوں میں ایوارڈز کا انعقاد کرنا ہو، ہم نیٹ ورک کو ان تمام شعبوں کا بانی ہونے کا سہرا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں