کراچی کی گنتی پوری کرو،مردم شماری پر فیصلہ واپس لو: مصطفیٰ کمال


کراچی: چیئرمین پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) سید مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی کی آبادی تین کروڑ سے کم نہیں ہے۔

مصطفیٰ کمال کا ایم کیو ایم کو حکومت سے الگ ہونے کا مشورہ 

ہم نیوز کے مطابق پی ایس پی کے زیر اہتمام نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق ناظم کراچی سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مردم شماری متنازع تھی۔ انہوں نے کہا کہ اسی لیے گزشتہ تین برسوں سے اسے قانونی شکل نہیں دی گئی۔

سید مصطفیٰ کمال نے مطالبہ کیا کہ کراچی کی گنتی پوری کرو اور لوگوں کو صحیح سے گنو۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں! مردم شماری پر فیصلہ واپس لو۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وزیراعظم عمران خان کو مردم شماری پر یوٹرن لینا پڑے گا۔

چیئرمین پی ایس پی سید مصطفیٰ کمال نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس مردم شماری کو جائز مان لیا گیا تو آئندہ بھی سب کو جائز ماننا پڑے گا۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ آپ اگر ہمیں صحیح طریقے سے گن بھی نہیں سکتے تو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔

اٹھارویں ترمیم کے ذریعے وزیراعلیٰ ڈکٹیٹر بن گئے ہیں، مصطفیٰ کمال

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ عمران خان صاحب! آپ نے ڈھائی سال میں ملک اورکراچی کے لیے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ سے اس ملک کے لیے کوئی کام ٹھیک نہیں ہوا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کراچی کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا۔

اصحاب اقتدار پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جو راگ دے رہے ہیں کہ ہم مردم شماری جلد کرا دیں گے توتم نہیں کراسکتے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی والوں نے ان کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے جو ان کے حقوق کا سودا کرتے تھے۔

کراچی کے سابق ناظم سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ماضی میں کراچی کو رنگ ونسل کی بنیاد پرتقسیم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب نفرتیں پھیلانے والوں سے جان چھڑانے کا وقت آگیا ہے۔

عوام ملک کو چلانے والوں سے مایوس ہیں، مصطفیٰ کمال

ہم نیوز کے مطابق چیئرمین پی ایس پی سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج کی ریلی ٹریلر ہے اور یہ فلم کی شروعات ہے۔


متعلقہ خبریں