عوام دشمن حکومت کی ہر سازش ناکام بنائیں گے، بلاول



کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام دشمن حکومت کی ہر سازش ناکام بنائیں گے، سلیکٹڈ کو عوام کی طاقت سے بھگائیں گے۔

سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کے جزائر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مزدوروں کو بے روزگار کرنا حکومت کی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختون خوا میں صحت کا نظام بٹھا دیا گیا، تجاوزات کے نام پر غریبوں سے چھت چھینی گئی، پیپلز پارٹی مزدور دشمنوں کے سامنے دیوار بن کر کھڑی رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں کے حقوق کی بنیاد رکھی، ہم نے اپنے دور میں صوبوں میں اختیارات کی منتقلی کا عمل شروع کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آج بھی مزدوروں کی آواز ہے، موجودہ حکومت مزدوروں کو بے روز گار کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کراچی سے لے کر گلگت تک مزدوروں کے لئے گھر دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مزدوروں کو خود مختاری دینا چاہتے ہیں، مزدور خوشحال نہیں ہو گا توصنعت کا پہیہ نہیں چل سکتا۔


متعلقہ خبریں