مولوی جنازہ پڑھ کر ہی چھوڑتا ہے، آپ کو نکال کردم لیں گے: فضل الرحمان


اسلام آباد: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مولوی جنازہ پڑھ کر ہی چھوڑتا ہے،آپ کو نکال کر دم لیں گے۔

حکومت راستہ بند کرتی تو کنٹینرز اٹھا کر پھینک دیتے، فضل الرحمان

ہم نیوز کے مطابق پی ڈی ایم کے زیر اہتمام الیکشن کمیشن کے باہر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مدارس کے طلبا قانون اور جمہوریت کی طرف آنا چاہتے ہیں۔

پی ڈی ایم کے سربراہ نے اپنے خطاب میں استفسار کیا کہ جب آپ کےپاس ایجنڈا نہیں تھا تواقتدارمیں کیوں آئے؟

مولانا فضل الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ 8اگست2018 کواسی جگہ پرمظاہرہ کرکے الیکشن 2018 کومستردکیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی اپنےموقف پرقائم ہیں کہ موجودہ حکومت منتخب نہیں ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کو قوم پر مسلط کیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لانگ مارچ ہو گا تو حکمرانوں کو بھاگنے کا بھی موقع نہیں ملے گا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قوم کو2012 سے بتا رہا ہوں کہ یہ غیرملکی ایجنٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بھارت اوراسرائیل سے فنڈنگ ہوئی اور انہوں نے ان کے پیسوں پر الیکشن لڑا۔

امیر جے یو آئی نے کہا کہ خیبرپختونخواکے آئمہ کے لیے ماہانہ دس ہزار روپے دینے کا اعلان کیا گیا لیکن کسی بھی مولوی نے ان کے پیسوں کو قبول نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مولوی بھارت اور اسرائیل سے آیا ہوا پیسہ لینے کو تیار نہیں ہے۔

چور چور کی گردان کرنے والا سب سے بڑا چور نکلا، مریم نواز

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج واضح ہو گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے 23 اکاوَنٹس خفیہ رکھے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کوصرف اقامے اور بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر برطرف کیا گیا جب کہ انہوں نے اسرائیلی اور بھارتی پیسوں پر الیکشن لڑا۔

ہم نیوز کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے الزام عائد کیا کہ مشرق وسطیٰ سمیت دیگرممالک سے ہنڈی کے ذریعے پیسہ لیا گیا۔

ارباب اقتدار پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کا خواب دکھایا گیا لیکن جب قوم صبح اٹھی تومنہ کوفے کی طرف تھا۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پانچ فروری کو کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن لیاقت باغ راولپنڈی میں مظاہرہ ہو گا۔

الیکشن کمیشن کے باہر منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں مریم نواز، راجہ پرویز اشرف، قمرالزماں کائرہ، امیر حیدر خان ہوتی، عبدالغفور حیدری اور محمود خان اچکزئی اسمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

پی ڈی ایم کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیئرمین سینیٹ اور پی پی کے مرکزی رہنما نیر حسین بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے مطالبات تیار کر لیے ہیں گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثابت ہوگیا ہے پی ٹی آئی کو فارن فنڈنگ ہوئی ہے جس کا پی ٹی آئی نے اعتراف بھی کر لیا ہے۔

اپوزیشن کا کسی سے کوئی بیک ڈور رابطہ نہیں، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ جو کچھ بھی ایجنٹ کرتا ہے اس کا ذمہ دار پرنسپل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مطالبات الیکشن کمیشن کے سامنے رکھے جائیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق وکلا نے بھی الیکشن کمیشن آفس جانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں الیکشن کمیشن آفس میں داخلے سے روک دیا۔ حکومت نے پی ڈی ایم کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت دی ہے۔

کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے الیکشن کمیشن کے باہر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو ریڈ زون میں فری ہینڈ دیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ الیشکن کمیشن کے باہر احتجاج کے دوران کوئی رکاوٹ، کوئی کنٹینر نظر نہیں آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جہاں سے مرضی ہے لوگ لائے۔

وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے خبردار کیا تھا کہ اگر مدارس کے طلبا احتجاج میں شریک ہوں گے تو قانون حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے اور اسے  ہراساں نہیں کرنے دیں گے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مولانا نے پھنس جانا ہے، حلوہ شیخ رشید ہی کھلائے گا۔ انہوں نے کہا تھا کہ براڈ شیٹ پانامہ پارٹ ٹو ہے سب بے نقاب ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں