پی ڈی ایم لانگ مارچ کرے تو تعاون کریں گے، وزیر داخلہ


اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ لانگ مارچ تو یہ کریں گے، ہم تعاون کریں گے اور خیال رکھیں گے۔ 

ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم والے ہم سے لانگ مارچ کی بھی اجازت لے لیں، پی ڈی ایم والے اپریل کے بجائے ابھی لانگ مارچ کر لیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہزار 800 کیمروں سے احتجاج کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور ایک ہزار 500 اہلکار مانیٹرنگ کے لیے تعینات ہیں۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے احتجاج میں اتنے بندے نہیں آئے جتنا ہمارا اندازہ تھا، اتنے ماہ سے یہ لگے ہوئے تھے، خیال تھا کہ متاثر کن مجمع ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو پستے بادام پیش کریں گے، اگر زیادہ تعداد آگئی تو کشمیری چائے بھی پلاوَں گا۔

خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے کارکنان الیکشن کمیشن کے باہر پہنچنا شروع ہو گئے۔ پی ڈی ایم آج الیکشن کمیشن کے باہر سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز، غفور حیدری، محمود خان اچکزئی سمیت دیگر رہنما  مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچ گئے جہاں سے وہ قافلے کی صورت میں الیکشن کمیشن پہچنیں گے۔

پیپلز پارٹی رہنما نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے مطالبات تیار کر لیے ہیں گئے ہیں۔ ثابت ہوگیا پی ٹی آئی کو فارن فنڈنگ ہوئی ہے جس کا پی ٹی آئی نے اعتراف بھی کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو کچھ بھی ایجنٹ کرتا ہے اس کا ذمہ دار پرنسپل ہوتا ہے۔ تمام مطالبات الیکشن کمیشن کے سامنے رکھے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں