سکھر میں امتحانات نقل گردی کی لپیٹ میں


گھوٹکی: سکھربورڈ کے زیر اہتمام جاری انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں نقل مافیا کا راج برقرار ہے۔

ہم نیورکے مطابق سکھر امتحانی بورڈ کے زیراہتمام بارہویں جماعت کا ریاضی کا پرچہ امتحان شروع ہونے سے پہلے انٹرنیٹ پر دستیاب تھا۔ یہ پرچہ  گھوٹکی شہر میں آؤٹ ہو کر سوشل میڈیا کی زینت بنا۔

امتحانی پرچے سماجی رابطے کی ایپلیکیشن کےعلاوہ فوٹو اسٹیٹ کی دکانوں پر بھی دستیاب رہے۔

پابندی کے باوجود امتحانی مراکز میں سرعام موبائل کا استعمال جاری رہا ۔ پرچے حل کرنے میں طلبہ کی مدد کے لیے بوٹی مافیا بھی امتحانی مراکز کے اندر موجود رہی .

امتحانی مراکز کی اطراف میں دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود غیر متعلقہ افراد بڑی تعداد میں موجود رہے۔

سندھ میں ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے پرچے روزانہ کی بنیاد پر وقت سے پہلے آؤٹ ہورہے ہیں ۔ صوبائی حکومت اور امتحانی بورڈز کی انتظامیہ ابھی تک پرچے آؤٹ کرنے والوں کا تعین نہیں کرسکی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کچھ عرصہ قبل صوبے میں معیار تعلیم کی بہتری کے لیے ‘تعلیمی ایمرجنسی’ نافذ کی تھی۔


متعلقہ خبریں