اپوزیشن کا فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا مطالبہ



اسلام آباد: اپوزیشن نے فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا کہ امید کرتے ہیں الیکشن کمیشن شفاف انداز میں یہ معاملہ نمٹائے گا۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس پر عمران خان 6 سال سے این آر او پر ہیں، کیس کا فیصلہ ہونے پر 24 گھنٹے میں ان کی نااہلی ہو گی۔

رہنما پیپلز پارٹی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ چھ سال سے یہ کیس زیر التوا ہے، جب الیکشن کمیشن کہے گا اپنا اکاوَنٹ  چیک کرانے کو تیار ہیں۔

بعد ازاں پی ڈی ایم نے گزشتہ روز احتجاج کی یادداشت بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی۔

خیال رہے کہ جنوبی وزیرستان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  فارن فنڈنگ کیس میں پارٹی سربراہان کو بٹھا کر کیس سننا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت اوپن ہونی چاہیے۔ بے شک فارن فنڈنگ کیس ٹی وی پر براہ راست دکھایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ سیاسی فنڈ ریزنگ صرف تحریک انصاف نے کی۔ میں نے شوکت خانم اسپتال کی فنڈنگ سمندر پار پاکستانیوں سے لی۔

اوورسیزپاکستانیوں کے بھیجے گئے ترسیلات زر سے ملک چلتا ہے۔ ان جماعتوں کو علم ہے اور مجھے بھی پتہ ہے کہ فارن فنڈنگ کونسی ہے۔ اوورسیزپاکستانیوں کی ترسیلات زر فارن فنڈنگ نہیں ہیں۔

مولانا فضل الرحمان مدارس کے بچوں کو استعمال کرکے حکومتوں کو بلیک میل کرتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کی اربوں روپے کی جائیداد کہاں سے آئی؟

یہ بھی پڑھیں:پارٹی فنڈنگ کیس:تمام سیاسی جماعتوں سےجواب طلب

وزیراعظم نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان این آر او کےلیے بلیک میل کررہے ہیں۔ یہ ہماری عوام کی سیاسی سوچ کو نہیں سمجھتے۔ ہماری عوام سمجھدار ہیں،وہ کسی کی چوری بچانے کےلیے نہیں نکلیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس اٹھانے پر اپوزیشن کا شکرگزار ہوں۔ سب کے سامنے آنا چاہیے کہ پی ٹی آئی اور اپوزیشن کی فنڈنگ کہاں سے ہوئی۔ ان ممالک سے تعلقات کی وجہ سے میں ان کا نام نہیں لینا چاہتا۔

 


متعلقہ خبریں