امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس سے روانہ


واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی اہلیہ ملانیا ٹرمپ کے ہمراہ وائٹ ہاؤس سے روانہ ہو گئے ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی منزل فلوریڈا ہے۔ ریڈ کارپٹ کے ساتھ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو روانگی کے وقت 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

ٹرمپ جوہری ہتھیاروں کے خفیہ کوڈز والا بیگ ساتھ لے جائیں گے

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر نئے منتخب صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری سے قبل روانہ ہوئے ہیں۔

فخر ہے کہ میں نے کوئی نئی جنگ شروع نہیں کی، صدر ٹرمپ کا الوداعی پیغام

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی تاریخ میں اس لحاظ سے ایک نئی تاریخ مرتب کی ہے کہ نئے منتخب صدر کو انہوں نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ وائٹ ہاؤس میں خوش آمدید نہیں کہا ہے وگرنہ امریکی روایات کے تحت جانے والا صدر نئے صدر کو خوش آمدید کہتا ہے۔

بحیثیت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی آخری بات چیت میں کہا کہ چار سال بہترین تھے، سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ امریکی عوام میں بہت مقبول ہیں۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم امریکی عوام سے پیار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی عوام کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے۔

امریکی ایوان نمائندگان: صدر ٹرمپ کے مواخذے کی قرار داد منظور

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اقدامات کے حوالے سے کہا کہ نئی خلائی فورس بنائی اور امریکی افواج کی تشکیل نو کی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری معیشت بہترین ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ دیگر ممالک کی طرح کورونا سے ہم بھی متاثر ہوئے لیکن صرف 9 ماہ میں ویکسین تیار کی۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر کورونا کو چائنہ وائرس قرار دیا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی صدر بننا میرے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی آنے والی حکومت کو مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے ملالہ ایجوکیشن ایکٹ پر دستخط کردیے

امریکی صدر کے چار سالہ دور اقتدار کے خاتمے پر ملکی تاریخ میں یہ بھی پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس سے فلوریڈا روانگی کے وقت اپنے ہمراہ جوہری ہتھیاروں کے خفیہ کوڈ والا بیگ ہمراہ لے کر گئے ہیں جس کی وجہ سے پینٹاگون نے نئے منتخب صدر جوبائیڈن کے لیے ایک علیحدہ خفیہ کوڈ والا بیگ بھی تیار کیا ہے جو حلف اٹھاتے ہی ان کے حوالے کیا جائے گا جس کے فوری بعد سابق صدر ہو جانے والے ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس موجود بیگ کے خفیہ کوڈ غیر مؤثر کردیے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں