کراچی: کے ایم سی کو 170 ملین روپے دینے کی منظوری

فوٹو: فائل


کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کو 170 ملین روپے دینے کی منظوری دے دی ہے۔ 

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کے ایم سی مالی معاملات سے متعلق اجلاس ہوا۔

کے ایم سی کو مالی مشکلات سے نکالنے کیلئے وزیراعلیٰ سندھ نے 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی۔ کمیٹی میں ناصر حسین شاہ، مرتضیٰ وہاب، نجم شاہ اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی لئیق احمد شامل ہیں۔

کمیٹی ہر 15 دن میں اپنی رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کرے گی، وزیراعلیٰ سندھ ہر 14 دنوں میں کے ایم سی کمیٹی کی رپورٹ پر اجلاس کریں گے۔

اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم کہتے ہیں کراچی پورے پاکستان کو چلاتا ہے، کے ایم سی اپنے پیٹرول پمپس کو بہترین بڈرز کو دے۔

مراد شاہ علی کا کہنا تھا کہ کے ایم سی اپنے مالی مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کرے، کے ایم سی نومبر اور دسمبر میں سینئر افسران تنخواہ نہیں دے سکی۔

انہوں نے کہا کہ ہم کے ایم سی کو اکیلے نہیں چھوڑ سکتے، چاہتا ہوں کہ کے ایم سی اپنے پاؤں پر کھڑی ہو جائے، کے ایم سی مالی مشکلات کا شکار ہے، یہ افسوس کی بات ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کے ایم سی پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کا خود بندوبست کرے، ڈی ایم سیز بھی بہترین کام کررہی ہیں، ماضی میں میونسپل یوٹیلیٹی اینڈ کنزوینسی ٹیکس بل نہیں دے سکے۔

ایڈمنسٹرز کا کہنا تھا کہ صرف 35000 پراپرٹیز سے ایم یو سی ٹی ٹیکس وصول ہو سکا، یہ 35000 پراپرٹیز سے ایم یو سی ٹی ٹیکس کی رقم 280 ملین روپے بنتی ہے۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس وقت ایس بی سی اے ٹاورز کا ٹیکس لیتا ہے، ڈی ایم سی جنوبی پہلے پارکنگ فیس سے 9 ملین روپے وصول کرتا تھا۔

وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا اجلاس میں کہنا تھا کہ اب ڈی ایم سی جنوبی 750 ملین روپے پارکنگ سے وصول کر رہا ہے۔


متعلقہ خبریں