گوگل کی آسٹریلیا میں سرچ انجن بند کرنے کی دھمکی

فوٹو: فائل


دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے مالی ادائیگیوں کے تنازع کے سبب آسٹریلیا میں سرچ انجن بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

گوگل انتطامیہ کے مطابق اگر آسٹریلیا نے کانٹینٹ رائیٹرز کو منافع دینے پر مجبور کیا تو آسٹریلیا میں گوگل سرچ انجن کو ہٹادیا جائے گا۔

آسٹریلوی قانون ساز گوگل اور فیس بک پر ٹیکس لگانا چاہا رہے ہیں کہ وہ کانٹینٹ رائٹرز کو ان کی معلومات کا منافع دیں۔
گوگل آسٹریلیا کے درمیان اس کشمکش کے نتیجے میں گزشتہ ہفتے گوگل نے سرچ نتائج میں آسٹریلیا کی مقامی خبروں کو غائب کردیا تھا۔

گوگل نے کہا تھا کہ وہ اپنے تقریباً ایک فیصد صارفین کے لیے آسٹریلین نیوز ویب سائٹس کو بلاک کر رہے ہیں اور یہ تجربہ آسٹریلین نیوز سروسز کی قدر کو پرکھنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے بیان دیا تھا کہ ان تجربات کا مقصد گوگل سرچ اور نیوز بزنس کا ایک دوسرے پر اثرات کا جائزہ لینا ہے، کمپنی کے مطابق تجربات فروری کے شروع تک ختم ہوجائیں گے۔

اس تنازع کی وجہ یہ ہے کہ آسٹریلیا ایک قانون متعارف کروا رہا ہے جس کے تحت گوگل، فیس بک اور ممکنہ طور پر دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں کو میڈیا اداروں کو ان کے نیوز مواد کے لیے ادائیگی کرنی ہوگی۔

مجوزہ قانون کے تحت گوگل اور فیس بک اگر نیوز پبلشرز کے ساتھ ان کے مواد کی قدر کے بارے میں اتفاق نہیں کر پاتے تو وہ ایک ثالث کی موجودگی میں ان کے ساتھ مذاکرات کرنے پر پابند ہوں گے۔

مگر ٹیکنالوجی کمپنیاں اس قانون کی مزاحمت کر رہی ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ یہ قوانین انتہائی سخت ہیں اور ان سے خدمات تک مقامی لوگوں کی رسائی میں مشکل پیدا ہوگی۔

 


متعلقہ خبریں