ن لیگ کا شیخ عظمت سعید سے براڈشیٹ کمیشن کی سربراہی چھوڑنے کا مطالبہ



اسلام آباد: مسلم لیگ ن نے جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید سے براڈ شیٹ کمیشن کی سربراہی چھوڑنے کا مطالبہ کر دیا ۔ 

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے دیگر لیگی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ براڈ شیٹ معاہدے کے دوران عظمت سعید نیب کا حصہ تھے، حکومتی ارکان براڈشیٹ میں کمیشن کھاتے پکڑے گئے، کیس میں بہت سے پردہ نشینوں کے نام آئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن پر کمیشن بنائے جا رہے ہیں ۔ ملک میں نام نہاد احتساب ہو رہا ہے ۔

خیال رہے کہ سینیٹ اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے براڈ شیٹ معاملہ پر ایک بار پھر سینیٹ ہول کمیٹی بنانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

براڈ شیٹ: انکوائری کمیٹی کے سربراہ جسٹس(ر) عظمت سعید شیخ ہونگے

مسلم لیگ ن کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت نے وعدہ کرکے کمیٹی کی تشکیل نہیں کی، براڈ شیٹ میں جن کے نام ہیں انہیں کمیٹی میں بلایا جائے، حکومت نے اپنی مرضی سے ایک الگ کمیٹی بنا دی۔

مسلم لیگ ن کے سینیٹر جاوید عباسی نے سینیٹ میں اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ براڈ شیٹ کے معاملے پر تماشہ لگا ہوا ہے، براڈ شیٹ کےمعاملے پر کمیٹی بنانے کا کہا تھا۔

جاوید عباسی کا کہنا تھا کہ کمیٹی آف ہول سے بڑی کوئی کمیٹی نہیں ہو سکتی، معاملہ ایسا تھا جس پر سنجیدگی سے سوچنا چاہیے تھا۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی براڈ شیٹ پر تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل مسترد کر دی ہے۔

براڈ شیٹ معاملے پر چیئرمین نیب کو قائمہ کمیٹی میں طلب کرنے کا فیصلہ

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نیئر حسین بخاری نے کہا کہ براڈشیٹ معاملے کی تحقیقات آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، کمیٹی سربراہ کی تعیناتی سے حکومت کی بد دیانتی سامنے آ چکی ہے۔

نیئر حسین بخاری کا کہنا تھا کہ شیخ عظمت سعید کو سربراہ بنانے کا مقصد ملبہ اپوزیشن اور سابقہ حکومتوں پر گرانا ہے، پیپلزپارٹی تحقیقاتی کمیٹی پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ براڈ شیٹ انتہائی اہم معاملہ ہے، اس معاملے پر شفاف طریقے سے تحقیقات چاہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں