ملک کے مختلف حصوں میں برفباری، موسم شدید سرد

برفباری

اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برف باری کے باعث موسم شدید سرد ہو گیا ہے۔ 

آزادکشمیر کے شمالی اضلاع مظفر آباد، وادی نیلم، ہٹیاں بالا، پونچھ حویلی، پلندری اور باغ میں بارش اور برف باری ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: مری میں شدید برفباری: گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں

مظفر آباد، لیپہ ریشیاں شاہراہ شدید برف باری کے باعث بند ہوگئی جب کہ چلاس، بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے۔

دیامر، بابو سر ٹاپ، نانگا پربت، بٹوگاہ ٹاپ میں شدید برفباری ہوئی جب کہ ملکہ کوہسار مری میں شدید برف باری کے باعث ہر شے نے سفید چادر اوڑھ لی۔

اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں بھی بارش ہوئی جس کے بعد موسم ایک بار پھر سرد ہو گیا ہے، کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا میں پہاڑوں پربرف باری کا امکان ہے جب کہ خطۂ پوٹھوہار میں مطلع ابر آلود رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ایبٹ آباد اور گلیات میں برفباری، سیاحوں کیلئے خصوصی ہدایات جاری

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جب کہ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں