لاہور:کھوکھر برادران سے38کنال سرکاری اراضی واگزار



لاہور: کھوکھر پیلس میں تجاوزات کےخلاف آپریشن کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے سوا ارب روپے مالیت کی 38 کنال سرکاری اراضی واگزار کروا لی ہے۔

پولیس کی نگرانی میں بھاری مشینری کی مدد سے تجاوزات گرا دی گئی ہیں۔ آپریشن سے قبل کھوکھر پیلس جانے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے تھے۔

آپریشن صبح سات بجے شروع ہوا اور اس دوران خواتین پولیس اہلکار بھی موجود تھیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق سرکاری اراضی پر جعل سازی سے قبضہ کیاگیا تھا۔ کھوکھر برادران کومتعدد نوٹس جاری کیے جس کے بعد زمین خالی نہ کرنے پرگرینڈ آپریشن کیا گیا۔

سیف الملوک کے بھانجے طاہر جاوید کے گھرکا عقبی حصہ گرا دیا گیا ہے۔ محمد اکمل کھوکھرکے گھرکے عقبی حصے کوبھی گرایا گیا ہے۔ کھوکھرپیلس سے ملحقہ سیف مارکیٹ کو بھی گرایا جائے گا۔

رہنما مسلم لیگ ن سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ انتظامیہ وزیراعظم عمران خان کو خوش کرنے کیلئے بار بار کھوکھر پیلس پر آپریشن کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بھرپور دفاع کریں گے۔ ن لیگی رہنما سیف الملوک کھوکھر نے آپریشن کو حکومت کی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔

سیف الملوک کھوکھر نے الزام عائد کیا کہ پی ڈی ایم جلسوں میں متحرک کردار ادا کرنے کی سزا دی جارہی ہے۔انہوں نے چیلنج کیا کہ محکمے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوجائیں، سب کے جواب دوں گا۔ کھوکھر برادران کا کہناتھا کہ ڈکٹیٹر کے دور میں مشکل وقت دیکھا، یہ وقت بھی نکل جائے گا۔

مسلم لیگ ن کی رہنماعظمیٰ بخاری نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت کے اسٹے آرڈر کے باوجود بزدار انتظامیہ نے کھوکھر پیلس گرایا۔ کھوکھر برادران کو نوازشریف کا ساتھ دینے کی سزا دی جارہی ہے۔


متعلقہ خبریں