پشاور: اربوں روپے کے بیرونی قرضوں پر ترقیاتی منصوبے


پشاور: خیبر پختونخوا میں بیرونی قرضوں پر اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

خیبر پختونخوا حکومت نے بیرونی قرضوں پر اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی دستاویزات اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دیں۔

دستاویزات کے مطابق گزشتہ 2 سال کے دوران 164 ارب روپے کے قرضوں کے معاہدے طے پائے گئے۔ 72 ارب روپے کا قرض توانائی کے منصوبوں کے لیے حاصل کیا جائے گا۔

سیاحت کے ایک منصوبے کے لیے 11 ارب روپے سے زائد کا قرضہ بھی شامل ہے جبکہ زراعت کے لیے 28 ارب روپے قرض کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔ محکمہ خزانہ کے پبلک ریسورس مینجمنٹ پروگرام کے لیے 18 ارب روپے کا قرضہ لیا جائے گا۔

دستاویزات کے مطابق خیبر پختونخوا اکنامک کوریڈور کے لیے 12 ارب روپے کے قرض لیے جائیں گے جبکہ مردان صوابی شاہراہ کے لیے 12 ارب روپے کا قرضہ لیا جائے گا۔ اسی طرح محکمہ صحت کے لیے کورونا کی مد میں80 کروڑ 32 لاکھ روپے کے قرضے لیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن قیادت تاحیات نااہلی اور عمرقید سے بچ گئی تو غنیمت ہوگی، فواد چوہدری

خیبر پختونخوا حکومت نے شہری ترقی کے لیے ایک ارب 12 کروڑ روپے قرض کے معاہدوں پر دستخط کر دیے ہیں اور یہ قرضہ ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور بین الاقوامی ترقیاتی ایجنسی سے آسان شرائط پر لیے گئے ہیں جن کی ادائیگی کی مدت 20 سے 35 سال ہے۔

خیبر پختونخوا کی گزشتہ حکومت میں 5 سال کے دوران 80 ارب سے زائد کا قرضہ لیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں