مولانا فضل الرحمان بند گلی میں جا رہے ہیں، شیخ رشید


راولپنڈی: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان بند گلی میں جا رہے ہیں وہ ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اپنے مسئلے حل کر لیں گے لیکن مولانا فضل الرحمان بند گلی میں جا رہے ہیں مولانا سے ہاتھ ہو جائے گا اور وہ ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ایک نہیں 100 مرتبہ تحریک عدم اعتماد لائیں لیکن حشر وہی ہو گا جو سینیٹ اور صدر کے انتخابات میں ہوا۔

شیخ رشید نے کہا کہ حزب اختلاف قانون کے مطابق لانگ مارچ کریں  ہم ان کا استقبال کریں گے لیکن اپنے بندے ضرور ساتھ لائیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اسرائیل کے خلاف اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے آئیں تو ایک ساتھ جلسہ کریں گے۔ میں مولانا فضل الرحمان کا احترام کرتا ہوں اور ہم مدرسوں کو دین کے مینار سمجھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا اسلام آباد کے ایف نائن پارک کو گروی رکھنے کا فیصلہ

وزیر داخلہ نے کہا کہ پہلے صرف پاناما تھا لیکن اب پاناما ٹو آگیا ہے۔ میں وقت سے پہلے بات کرتا ہوں اور لوگ مذاق اڑاتے ہیں۔ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا یہ استعفے نہیں دیں گے اور ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام پارٹیاں مل کر بیٹھیں اور ووٹوں کا فیصلہ کر لیں۔ مہنگائی اس لیے زیادہ ہوئی کہ چوروں نے بہت زیادہ لوٹا اور ماضی میں ایسے معاہدے کیے گئے جس کی وجہ سے بجلی مہنگی کرنا پڑی تاہم ہم رواں سال ہی مہنگائی اور بے روزگاری کو قابو کریں گے۔


متعلقہ خبریں