کراچی کو تباہ کرنے میں پیپلز پارٹی نے بڑا کردار ادا کیا، علی زیدی


اسلام آباد: وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ کراچی کو تباہ و برباد کرنے میں پیپلز پارٹی نے بڑا کردار ادا کیا ہے۔

وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سے سادہ سوال کیا لیکن مراد علی شاہ نے انگریزی میں کہا میں آ پ کو جوابدہ نہیں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعلیٰ سے 3 بار ایک ہی سوال کیا لیکن جواب نہیں دیا گیا جس پر میں نے اجلاس میں یہ بات ضرور کی کہ آپ لوگ منافق ہیں۔ اجلاس میں سوال میرا حق تھا میں کھانا کھانے یا باتوں کے لیے تو نہیں گیا تھا۔

علی زیدی کے مطابق میں نے کہا کہ آپ نے کراچی کے لیے کیا تو کچھ نہیں اور وفاق سے مانگ پر زور دے رہے ہو۔ آپ نے کام کرنا تو نہیں اور آپ کی کرپشن عروج پر ہے۔ ایک وزیر نے کہا ہمارے پاس ویڈیو ہے ہم منظر عام پر لائیں گے تو میں کہتا ہوں آپ ویڈیو جاری کرنے میں دیر نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو تباہ و برباد کرنے میں پیپلز پارٹی نے بڑا کردار ادا کیا ہے۔ سعید غنی کے بھائی نے ایک منصوبے میں دو نمبری کی۔ کے فور ہو یا سرکلر ریلوے ہر چیز وفاق کی ذمہ داری بنا دی گئی جبکہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد آپ ہی نے صوبے کو سنبھالنا تھا لیکن آپ وفاق سے صحیح کرنے کی بات کرتے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میں اجلاس میں حاضر تھا اور وزیر اعلیٰ سندھ نے بردباری کا مظاہرہ کیا لیکن علی زیدی نے اجلاس میں غیر مناسب طریقے سے وزیراعلیٰ سے سوال کیا۔

انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر سے کہا کہ میں آپ کو جوابدہ نہیں ہوں جبکہ مراد علی شاہ کے ساتھ اسد عمر اور امین الحق کا  اچھا رویہ سامنے آیا۔ مراد علی شاہ نے اسد عمر سے علی زیدی کے رویہ کی شکایت بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ سندھ اور علی زیدی کی لڑائی میں نیا موڑ

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں ترقیاتی کاموں کو سراہا جا رہا ہے لیکن لگتا ہے علی زیدی کو اچھا نہیں لگتا۔ کراچی میں ترقیاتی منصوبوں پر صوبائی بجٹ سے کام ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر علی زیدی سمجھتے ہیں دھمکیوں سے وہ کام کراوائیں گے تو یہ اچھا نہیں ہے۔ کراچی سے سب کی امیدیں وابستہ ہیں اس لیے ہر معاملے پر بات خوشگوار انداز میں ہونی چاہیے۔


متعلقہ خبریں