چپڑاسی نےخواجہ آصف کے اکاؤنٹ میں28 ملین سے زائد رقم جمع کرائی


لاہور: قومی احتساب بیورو(نیب) کے مطابق دستاویزات سے ثابت ہوا ہے کہ بینک کے چپڑاسی نے خواجہ آصف کے اکاؤنٹ میں اٹھائیس ملین سے زائد رقم جمع کرائی۔

خواجہ آصف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں چار افراد نے نیب کو بیانات ریکارڈ کرا دیئے ہیں۔

نیب دستاویزات کے مطابق لیگی رہنما کے بھتیجے نے بھی بیس ملین جمع کرائے اور خواجہ آصف کے دو ورکروں نے پینتیس ملین روپے کی ٹرانزیکشز کیں۔

نیب نے خواجہ آصف کو اثاثہ جات کیس میں گرفتار کیا ہے۔ خواجہ آصف کو طلب کیا تھا لیکن وہ ثبوت نہ دے سکے۔

ترجمان نیب کے مطابق خواجہ آصف کے پاس 2004 سے 2008 تک غیر ملکی اقامہ رہا، انہوں نے بطور کنسلٹنٹ لیگل ایڈوائزر کے 13 کروڑ 60 لاکھ روپے وصول کیے۔

یہ بھی پڑھیں: خواجہ آصف دوران تفتیش سوالوں کے جواب نہ دے سکے

خواجہ آصف کو لی گئی تنخواہ سمیت دیگر تفصیلات جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی،انہیں کمپنی کو دی گئی نوکری کی درخواست جمع کروانے کا کہا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے خواجہ آصف کو اقامہ ایگریمنٹ بھی نیب کو جمع کروانے کا کہا گیا تاہم وہ دوران تفتیش مسلسل عدم تعاون کرتے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کے 48 بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگایا ہے۔

خواجہ آصف کے 48 بینک اکاؤنٹس میں ایک ارب 45 کروڑ روپے کی خطیر رقم جمع ہوئی ہے۔ تمام بینک اکاؤنٹس خواجہ آصف اور ان کے خاندان کے بے نامی اداروں کے نام پر کھلوائے گئے۔


متعلقہ خبریں