ترقی پذیر ممالک کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے، وزیر اعظم


جنیوا: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کو بلاتفریق ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے زیر اہتمام فنانسنگ اینڈ ڈیولپمنٹ کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے ہماری پالیسی دنیا میں سراہی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث ہر شعبہ زندگی متاثر ہوا اور لوگ بھوک کا شکار ہو گئے۔ دنیا کو اس وقت غیرمعمولی معاشی بحران کا سامنا ہے جبکہ کورونا صورتحال میں کروڑوں لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا وبا کے تدارک کے لیے سہولیات میں اضافہ کیا جائے اور ترقی پذیر ممالک کو بلاتفریق ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ کورونا سے بچاؤ کی ہماری حکمت عملی خوش قسمتی سے مؤثر ثابت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک ترقی پذیر ممالک کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کریں اور 5ارب ڈالر کے امدادی فنڈ کا قیام عمل میں لایا جائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر کورونا ویکسین کی دستیابی میں وقت درکار ہے۔


متعلقہ خبریں