ملائیشیا میں ضبط کیا گیا جہاز پی آئی اے کے حوالے، کیس خارج

ملائیشیا میں طیارے کی ضبطگی، پی آئی اے اورکمپنی کےمعاملات طے

اسلام آباد: قومی ایئرلائن پی آئی اے اور لیزنگ کمپنی کے معاملات طے پا گئے ہیں اور دونوں کی باہمی رضامندی سے ملائیشیا کی عدالت میں کیس خارج کر دیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارہ پی آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔ پی آئی اے جہاز کو مسافر پرواز کے طورپر آپریٹ کرکے واپس لے کر آئے گی۔

طیارے واپس لانے کیلئے عملے کو پاکستان سے روانہ کیا جارہا ہے اور طیارے کی واپسی آئندہ دو روز میں متوقع ہے۔

خیال رہے کہ 15 جنوری کو ملائیشیا میں پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے طیارہ بوئنگ 777 ضبط کر لیا گیا تھا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ لیزکےواجبات ادا نہ کرنے پرملائشیا میں پی آئی اے کاطیارہ قبضے میں لیا گیا تھا۔ ترجمان پی آئی اے نے کہا تھا کہ برطانوی عدالت میں پی آئی اے اور ایک پارٹی کا کیس زیر التوا ہے۔

مسافروں کوکولاالمپورسےاسلام آباد پہنچانے کیلئے متبادل انتظامات کیے گئے تھے۔ خلیجی ممالک کی ائیرلائن سے167مسافروں دو دن بعد اسلام آباد پہنچے تھے۔

اس واقعہ کے بعد اپوزیشن کی جانب سے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ ملائیشیا میں پی آئی اے طیارے کو تحویل میں لینا بڑی بدنامی ہے۔ حکومت کی طرف سے طیارے کے واجبات ادا نہ کرنا شرمناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے قومی ایئر لائن کو رسوا کر رہی ہے۔ وزیر ہوا بازی مجرمانہ غفلت تسلیم کرکے مستعفی ہو جائیں۔


متعلقہ خبریں