عظمت سعید منتخب حکومت کو گھر بھیجنے کی سازش کا حصہ تھے، مریم نواز



لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید منتخب حکومت کو گھر بھیجنے کی سازش کا حصہ تھے۔ 

کھوکھر پیلس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سب کوعلم  ہے براڈشیٹ انکوائری کمیشن کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید  نے ن لیگ کے دورمیں کس کس کو کالز کیں۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کو کشمیری چائے اور مولانا کو حلوہ پیش کرونگا، شیخ رشید

مریم نواز نے کہا کہ عظمت سعید وٹس ایپ جے آئی ٹی کے بانی تھے،عظمت سعید  کے لیے  بہترہوگا وہ  خود کو کمیٹی سے الگ کر لیں۔ براڈ شیٹ معاہدے کے وقت عظمت سعید نیب کےعہدے پرتھے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے کہنے پر کھوکھر پیلس آئی ہوں، کھوکھر برادران کے ساتھ زیادتی کی گئی، سب سے بڑا قبضہ مافیا موجودہ حکومت ہے۔ حکومتی کرپشن کے اسکینڈل سامنے آرہے ہیں۔ 

مریم  نواز نے کہا کہ نواز شریف کا ساتھ نہ چھوڑنے والوں کوانتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ہم 4 سال سے ظلم کو برداشت کرتے آرہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ کھوکھر برادران نواز شریف کے وفادار ساتھی ہیں، پی ٹی آئی ون مین پارٹی ہے، پی ٹی آئی والے اپنی جماعت پرتوجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ذاتی طورپرکھوکھربرادران کیخلاف آپریشن کومانیٹرکرتے رہے، کھوکھربرادران کے حق میں عدالت کا فیصلہ آگیا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ایک اتحاد ہے، حکومت کی امید دم توڑتی نظر آتی ہے، پی ڈی ایم میں اگر اختلاف رائے بھی ہو تو ہم افہام و تفہیم سے حل کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم والے این آر او کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے، شبلی فراز

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں مثالی کوآرڈی نیشن ہے، براڈ شیٹ کو فراڈ شیٹ ہی کہوں گی، حکومت نے ملک کو بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔


متعلقہ خبریں