کورونا کے خلاف موثر ترین اقدامات میں نیوزی لینڈ سرفہرست

کورونا کے خلاف موثر ترین اقدامات میں نیوزی لینڈ سرفہرست

فوٹو: فائل


عالمی وبا کورونا وائرس کے خلاف موثر ترین اقدامات اٹھانے میں نیوزی لینڈ سب کو پیچھ چھوڑتے ہوئے سبقت لے گیا ہے۔

آسٹریلوی تھنک ٹینک لیو انسٹی ٹیوٹ نے کورونا کے خلاف دنیا کے 100 ممالک کے اقدامات کا ایک اسٹڈی کے تحت جائزہ لیا۔

تحقیق میں ہر ملک کے کورونا کیسز، کورونا وائرس سے اموات اور کورونا ٹیسٹنگ کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا اور فہرست مرتب کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ویکسین ہر سال لگوانے کی ضرورت پڑے گی ؟

لیو انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جاری کردہ تحقیق میں کورونا کے خلاف موثر ترین اقدامات اٹھانے پر نیوزی لینڈ کو پہلے درجے پر رکھا گیا ہے۔

ویت نام، تائیوان اور تھائی لینڈ عالمی وبا کورونا وائرس کے خلاف اقدامات اٹھانے میں بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے۔

آسٹریلوی تھنک ٹینک کی اسٹڈی کے مطابق قبرص، روانڈا اور آئر لینڈ کورونا وائرس سے بہترین انداز میں نمٹنے میں پانچویں، چھٹے اور ساتویں نمبر پر رہے۔

آسٹریلیا نے بھی کورونا کے خلاف بہترین اقدامت اٹھائے ہیں اور اس فہرست میں آٹھواں درجہ حاصل کیا ہے۔

لیٹویا اور سری لنکا کورونا کے خلاف موثر تین اقدامات اٹھانے والی فہرست میں بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 10 کروڑ14 لاکھ سے بڑھ گئی ہے اور 21 لاکھ 84 ہزار 126 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

دنیا میں کورونا کے 7 کروڑ 33 لاکھ 21 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے اور 2 کروڑ 59 لاکھ 25 ہزار سے زائد زیر علاج ہیں۔

امریکہ میں کورونا کی صورتحال سب سے خوفناک ہے جہاں 4 لاکھ 39 ہزار517 اموات ہوچکی ہیں اور 2 کروڑ 61 لاکھ 66 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کی نئی قسم سے اموات کا خدشہ زیادہ ہے، برطانوی وزیراعظم

بھارت کورونا کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں اموات کی تعداد ایک لاکھ 53 ہزار885 اور ایک کروڑ7 لاکھ سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

برازیل میں کورونا سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 20 ہزار 237 اور90 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہیں۔


متعلقہ خبریں