جعلی لائسنس:40 پائلٹوں کیخلاف مقدمات درج


قومی ایئرلائن پی آئی اے میں جعلی لائسنسوں کے معاملے پر 3 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں جن میں40 پائلٹوں کو نامز کیا گیا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر رؤف شیخ نے بتایا کہ تینوں مقدمات ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل میں درج کیے گئے۔

مقدمے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے 8 افسران کے نام بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پائلٹوں کے امتحان عید کی چھٹیوں کے دوران لیے گئے۔

رؤف شیخ کا کہنا تھا کہ امتحانات دیگر ہفتہ وار تعطیلات اور دفتری اوقات ختم ہونے کے بعد بھی لیے گئے۔ امتحانات کے دوران پائلٹس نیشنل اور انٹر نیشنل فلائٹ آپریٹ کررہے تھے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جعلی لائسنس کے معاملے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے شعبہ ریگولیٹری کے لائسنس برانچ کراچی کے 4 افسران کو ملازمت سے برطرف کردیا تھا۔

جعلی لائسنسوں کا معاملہ اس وقت سامنے آیا جب وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے قومی اسمبلی میں بیان دیا کہ پاکستان میں ہر تیسرا پائلٹ جعلی لائسنس یافتہ ہے۔

گزشتہ سال مشکوک لائسنس کے الزام کے تحت حکومت نے پاکستان ائیرلائنز (پی آئی اے) کے 141 پائلٹس سمیت 262 پائلٹس کی لسٹ جاری کی تھی۔

بعد ازاں سول ایوی ایشن نےتقریباً 100 پائلٹس کے لائسنسوں کو کلیئر کر دیا جنہیں ابتدا میں مشکوک قرار دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں