اسپنر نعمان علی اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں کئی اعزاز لے اڑے

اسپنر نعمان علی

فائل فوٹو


قومی کرکٹ ٹیم لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی نے اپنے پہلے ہی بین الاقوامی ٹیسٹ میں کئی اعزاز اپنے نام کر لیے ہیں۔

جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں نعمان علی نے مجموعی طور پر7 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ انہوں نے دوسری اننگز میں5 وکٹیں حاصل کیں۔

ڈیبیو ٹیسٹ کی ایک اننگ میں 5 وکٹیں لینے والے پاکستان کے 12ویں کھلاڑی بن گئے۔ مزید براں 34 سالہ نعمان علی پاکستان کے چوتھے اسپنر ہیں جنہوں نے ڈیبیو ٹیسٹ پر پانچ وکٹیں لیں۔

نعمان علی نے 34 سال 111 دن کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور وہ ڈیبیو پر پانچ وکٹیں لینے والے دنیا کے معمر ترین کرکٹر بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی ٹیسٹ: نیشنل اسٹیڈیم میں ایک بار پھر پاکستان کی بڑی جیت

قبل ازیں بلال آصف نے 33 سال 13 دن کی عمر میں ڈیبیو پر پانچ وکٹیں لی تھیں۔ 34 سال سے زائد عمر میں ڈیبیو پر 5 وکٹ لینے والے آخری کرکٹر نیوزی لینڈ کے فین کریسویل تھے۔  نعمان علی سے پہلے شاہد آفریدی، بلال آصف اور نذیر جونیئر نے پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

جنوبی افریقہ کیخلاف دوسری اننگز میں بالنگ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اور کوچز نے نعمان علی کی کارکردگی کو سراہا۔
میدان سے لوٹنے پر بالنگ کوچ وقار یونس نے نعمان علی کو اچھی کارکردگی دکھانے پر شاباش دی۔ یاد رہے کہ نعمان علی کی شاندار گیند بازی کے سبب  پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دوسری اننگز میں88 رنز تک محدود رکھا۔


متعلقہ خبریں