آرمی چیف سے ترک چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات


راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل ہولوسی اقر نے ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں فوجی تعلقات، باہمی دلچسپی اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جنرل قمرجاوید باجوہ نے فائنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے فورم پر پاکستان کی حمایت پر ترک چیف آف جنرل اسٹاف کا شکریہ ادا کیا۔

جنرل ہولوسی اقر نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی کوششوں کو قابل تعریف قرار دیا۔

انہوں نے جی ایچ کیو میں یادگارشہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

گزشتہ ماہ پاکستان اور ترک بحری افواج کے درمیان شمالی بحیرہ عرب میں ’ ترگت ریز‘ (شمشیراسلام) کے نام سے مشترکہ فوجی مشقیں کی گئیں۔

ان مشقوں کا مقصد دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو فروغ دینا تھا۔

گزشتہ برس ترک صدر رجب طیب ایردوان نے پاکستان سے غیرمشروط تعاون کا اعادہ کیا تھا اور کہا تھا کہ ترکی پاکستان کو سیاسی، اقتصادی اور دفاعی طورپر مستحکم دیکھنا چاہتا ہے۔


متعلقہ خبریں