پاکستان کو فروری سے کورونا ویکسین ملنا شروع ہوجائیگی،اسد عمر


اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف عالمی اتحاد کوویکس (COVAX) کی جانب سے پاکستان کو ایک کروڑ 70 لاکھ ویکسین ڈوز فراہم کرنےکا خط موصول ہوا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ کوویکس کی جانب کورونا ویکسین فروری سے ملنا شروع ہوگی۔

 

وفاقی وزیر اسد عمر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کو کورونا ویکسین کی 6 ملین خوراکیں مارچ تک مل جائیں گی۔ ویکسین کی 17ملین خوراکیں جون تک موصول ہوجائیں گی۔

اسد عمر کے مطابق پاکستان نے کوویکس سے کورونا ویکسین کی دستیابی یقینی بنانےکا معاہدہ 8 ماہ قبل کیا تھا۔

خیال رہے کہ کوویکس کورونا وائرس کے خلاف عالمی ادارہ صحت (WHO)، عالمی اتحاد برائے ویکسین اور حٖفاظتی ٹیکہ سازی (GAVI) اور اتحاد برائے انسداد وبائی امراض (CEPI) کا ایسا اقدام ہے جس کا مقصد دنیا کے تمام ممالک کے لیے کویڈ-19 ویکسن کے مناسب رسائی کو یقینی بنانا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ پاکستان کیلئے ابتدائی طور پر چینی کمپنی سائنوفارم سے ویکسین کی 12لاکھ ڈوزیز خریدی جائیں گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ چینی کمپنی سائنوفارم سے ویکسین کی خریداری کا فیصلہ کابینہ کمیٹی نے کیا ہے۔ ویکسین 2021 کی پہلی سہ ماہی میں فرنٹ لائن ورکرز کو مفت مہیا کی جائیں گی۔

وزیرسائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ سیکٹر یا کوئی اور بین لاقوامی منظور شدہ ویکسین امپورٹ کرنا چاہےتو کرسکتا ہے۔ چینی سینو فارم ویکسین 79 فیصد موثر ہے۔

قبل ازیں امریکہ نے پاکستان کو پہلے مرحلے میں کورونا وائرس کی ویکسین فراہم کرنے سے معذرت کر لی تھی جبکہ روس نے پاکستان کو عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین اسپتنک فائیو دینے کی پیشکش کی تھی۔

اس ضمن میں حتمی جائزے کے لیے ملنے والی پیشکش وفاقی وزارت صحت کو بھجوا دی گئی ہے اور اسکی منظوری وفاقی وزارت صحت دے گی۔

ذرائع کے مطابق متوقع ویکسین کی ملک میں بروقت دستیابی کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت پاکستان کی کوشش ہے کہ کورونا ویکسین مؤثر اور کم قیمت ہو تاکہ جلد ازجلد اس کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔


متعلقہ خبریں