خیبرپختونخوا ، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کی راہیں جدا


پشاور: خیبرپختونخوا حکومت میں اتحادی جماعتوں پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے ساڑھے چارسال بعد راہیں جدا کر لیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا  پرویز خٹک اور جماعت اسلامی کے رہنما اور صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں علیحدگی کا باضابطہ اعلان کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران جماعت اسلامی کے رہنما عنایت اللہ نے کہا کہ دونوں جماعتوں میں اچھے تعلقات رہے، دوستانہ ماحول میں علیحدگی اختیار کرکے اچھی سیاسی روایت قائم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرٹ کا قیام ہمارا مشترکہ ایجنڈا تھا، عوامی مفاد کے لیے آئندہ بھی ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔

وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارا کوئی اختلاف ہے نہ جھگڑا، ہم بخوشی الگ ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اچھے اور صاف ستھرے لوگوں کی جماعت ہے لیکن اب باہمی رضامندی سے علیحدہ ہونے کا وقت آ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ منگل کے روز اسلام آباد میں فاٹا کے حوالے سے اجلاس ہوا تھا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 2019 میں فاٹا کوخیبرپختونخوا میں ضم کر دیا جائے گا۔

جماعت اسلامی کے صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ، صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید، صوبائی وزیر مذہبی  امور حبیب الرحمان اور  پارلیمانی سیکرٹری محمد علی نے استعفے وزیراعلیٰ کو جمع کرا دیے۔


متعلقہ خبریں