سندھ: میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا شیڈول تیار


کراچی: سندھ بھر میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کیلئے وزیر تعلیم نے شیڈول بتا دیا ہے۔

وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ نیا تعلیمی سال دو اگست سے شروع ہوگا اور رواں برس موسم گرما کی تعطیلات صرف جولائی میں ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ میٹرک امتحانات یکم سے15 جولائی اور انٹرمیڈیٹ امتحانات28جولائی سے16 اگست تک ہوں گے۔

امتحانات کا دورانیہ  تین کے بجائے دو گھنٹے ہوگا۔ تمام بورڈز امتحانات کے نتائج 90روز میں تیارکئے جائیں گے۔

دونوں جماعتوں میں پریکٹیکلز( عملی امتحانات) جون میں ہوں گے۔ سندھ بھر میں تمام تعلیمی ادارے یکم فروری سے کھل جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:موسم گرما کی چھٹیاں کم کر دی گئیں 

وفاقی وزارت تعلیم نے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے لیے تعلیمی سیشن 2020-21کا جو کیلنڈر جاری کیا اس کے مطابق پانچویں اور آٹھویں کے مرکزی امتحانات 18 سے 31 مئی تک ہوں گے۔

پہلی سے چوتھی اور چھٹی اور ساتویں کے امتحانات ادارے یکم سے 15 جون تک لیں گے۔ وزارت تعلیم کی جانب سے جاری کردہ کیلنڈر کے مطابق پانچویں اور آٹھویں کے مرکزی امتحانات کے نتائج کا اعلان 30جون کو ہوگا۔

پہلی سے چوتھی اور ساتویں آٹھویں کے امتحانات کے نتائج کا اعلان یکم جولائی کو کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث گزشتہ برس 15 مارچ سے تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے تھے جبکہ سندھ میں 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آنے کے بعد سے ہی تعلیمی ادارے بند تھے۔

پورے ملک میں تعلیمی ادارے18 جنوری سے مرحلہ وار کھولے جائیں گے۔ نویں، دسویں، گیارویں اور12 ویں جماعتوں کا تعلیمی سلسلہ 18 جنوری کو شروع ہوجائے گا۔

 


متعلقہ خبریں