خواجہ آصف کے قریبی ساتھی کی ہاؤسنگ سوسائٹی کیخلاف آپریشن


سیالکوٹ: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کے قریبی ساتھی اور سابق میئر توحید اختر کی ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا۔

سابق میئر توحید اختر کی ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف آپریشن میں ضلعی انتظامیہ ومیونسپل کارپوریشن کے افسران اورعملہ شامل رہا اور ہیوی مشینری کے ذریعے ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

چیف کارپوریشن آفیسر کے مطابق سابق میئر نے نقشے اور پلان سے ہٹ کر غیرقانونی دفاتر تعمیر کیے جبکہ پارکنگ اور قبرستان کے لیے مختص جگہ پر پلازہ اور دفاتر بنائے گئے تھے۔

پولیس نے ہاؤسنگ سوسائٹی کو ناکہ لگا کر سیل کر دیا۔ استغاثہ کے مطابق کروڑوں روپے مالیت کے پارکنگ اور قبرستان کی اراضی پر قبضہ کیا گیا ہے جس  کے خلاف اینٹی کرپشن نے مقدمہ بھی درج کر رکھا ہے۔ پولیس نے ہاؤسنگ سوسائٹی کو ناکہ لگا کر سیل کر دیا گیا۔

دوسری جانب سابق میئر توحید اختر نے غیر قانونی تعمیر کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کسی قسم کی غیرقانونی تعمیر نہیں کی جبکہ آپریشن بغیر کسی نوٹس اور اطلاع کے کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں