پشاور کا باصلاحیت نوجوان، گاڑی کو شاہی سواری میں تبدیل کر دیا


پشاور: خیبر پختونخوا کے شہر پشاور کے نوجوان نے اپنی تخلیقی صلاحیت سے عام گاڑی کو شاہی سواری میں تبدیل کر دیا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق ماضی کی شاہی سواری کا استعمال متروک ہوا تو نئی نسل نے تخلیقی صلاحیت سے عام گاڑی کو شاہی سواری میں تبدیل کر دیا۔

پشاور کے نوجوان نے پرانی فوکسی گاڑی اور موٹرسائیکل سے ایسی انوکھی سواری تیار کی کہ دیکھنے والے دنگ رہ جاتے ہیں۔

پشاور کے باصلاحیت نوجوان کامران کا کہنا ہے کہ مجھے پرانی گاڑیوں اور ہیوی بائیکس کا بہت شوق ہے۔  میں ان دونوں چیزوں کو ایک ایک کر کے نہیں خرید سکتا تھا لہذا میں نے انٹرنیٹ پر دیکھا اور اسی طرح بنا لیا۔

نوجوان کا کہنا تھا کہ تیار کی گئی شاہی سواری کا نام ہم نے بیٹل بائیک رکھا ہے اور اس پر اب تک ساڑھے چھ لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں جبکہ مزید رقم بھی لگ رہی ہے مزید کچھ کام اس پر باقی ہے۔

کامران کا کہنا تھا کہ لوگ اس گاڑی کو بہت پسند کر رہے ہیں۔ یہاں سے گزرتے لوگ گاڑیوں سے اشارے کرتے ہیں۔ سیلفیاں اور تصویریں بھی اس گاڑی کے ساتھ لینے آتے ہیں جو ہمیں بہت اچھا لگتا ہے۔

تیار ہونے والی اس گاڑی میں انجن، کلچ، بریک، گیر سب کچھ ہی فوکسی کار کا ہے جو بالکل اصل ہے۔ ویکس فوکس پرانی گاڑی ہے تاہم اس کا پچھلا حصہ پورا اصل ہے جو فوکسی کار کا ہے جبکہ موٹرسائیکل یاماہا 600 سی سی ہے جو دبئی اسکریپ سے خریدا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں