لاہور میں ٹریفک وارڈن نے ایمبولینس کو تھانے میں بند کروا دیا


لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں ٹریفک وارڈن نے ایمبولینس کو تھانے میں بند کروا دیا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق لاہور کی ٹریفک پولیس نے انوکھا کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے جنرل اسپتال کے سامنے کھڑی ایمبولینس کو ہی تھانہ بند کروا دیا۔

ترجمان ایدھی کے مطابق ڈرائیور نے جنرل اسپتال کے پاس ہی ایمبولینس کھڑی کی تھی تاہم ٹریفک وارڈن ایمبولینس کو اٹھا کر تھانے لے گئے۔

دوسری جانب ترجمان لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس عملے نے متعدد بار ایمبولینس کے ڈرائیور کو غلط پارکنگ پر روکا تھا تاہم بار بار خلاف ورزی پر ڈرائیور کے خلاف کارروائی کی گئی۔

دو روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈاکو ایمبولینس چھین کر فرار ہو گئے تھے۔ جس کا مقدمہ تھانہ کورال میں درج کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: ڈاکوؤں نے ایمبولینس کو بھی نہ چھوڑا

پولیس کے مطابق ایمولینس چھیننے کا واقعہ دونوں فریقین کے درمیان لین دین کے معاملے کی وجہ سے پیش آیا تھا اور دوسری پارٹی غلط طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے ایمبولینس لے گئی تھی۔


متعلقہ خبریں