سندھ: 84 ہزار ہیلتھ کیئر ورکرز کو ویکسین کا پہلا ڈوز دیا جائے گا


کراچی: کراچی سمیت سندھ کے 10 اضلاع میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کرنے کے لیے ویکسینیشن سینٹرز قائم کردیے گئے ہیں، جمعرات سے ان ویکسینیشن سینٹرز میں ویکسین کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔

انچارج کورونا ویکسینیشن سینٹر خالق دینا ہال ڈاکٹر آفتاب نے بتایا کہ ویکسینیشن کا عمل نادرا سے مشروط ہے۔ ہیلتھ کیئر ورکرز نادرا سے موصول او ٹی پی دکھائیں گے۔ ویکسینیشن سے قبل 15 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ پُر کرایا جائے گا۔ سوالوں پر پورا اترنے کے بعد ہی ویکسین لگانے یا نہ لگانے کا تعین کیا جائے گا۔ بلڈ پریشر، ہارٹ ریٹ اور درجہ حرارت معلوم کرنے کے بعد ہی ویکسین فراہم کی جاسکے گی۔

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ ارشاد میمن نے بتایا کہ کراچی کے چھ اضلاع میں 10 ویکسینیشن سینٹرز بنائے گئے ہیں۔ سندھ میں نادرا کی مدد سے 1 لاکھ 70 ہزار ہیلتھ کیئر ورکرز کی رجسٹریشن کی گئی ہے۔  ابتدائی طور پر 84 ہزار ہیلتھ کیئر ورکرز کو ویکسین کا پہلا ڈوز دیا جائے گا۔ 21 روز بعد دوسری ڈوز فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس حوالے سے ایک ہزار سے زائد ڈاکٹرز اور نرسز کی تربیت کی گئی ہے۔ ہیلتھ ورکرز کے بعد ساٹھ سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ حاملہ خواتین کو ویکسین فراہم نہیں کی جائے گی۔ جیسے جیسے ویکسین ملے گی، ویکسینیشن سینٹرز کی استعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ 18 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو مرحلہ وار ویکسین کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔

مزید پڑھیں: ملک میں کورونا ویکسینیشن کا عمل 3 فروری سے شروع ہو گا

کراچی کے جناح اسپتال، خالقدینا ہال، آغا خان یونیورسٹی اسپتال، چلڈرن اسپتال ناگن چورنگی، نیو کراچی سندھ گورنمنٹ اسپتال، قطر اسپتال اورنگی ٹاؤن، لیاقت آباد سندھ گورنمنٹ اسپتال، کورنگی اسپتال اور ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی اسپتال میں ویکسینشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نیو کراچی گورنمنٹ اسپتال ڈاکٹر تحسین کا کہنا ہے کہ مردوں اور خواتین کے لیے علیحدہ ونگز قائم کیے گئے ہیں۔ 10 کیوبیکلز میں بیک وقت 10 افراد کو ویکسین فراہم کی جاسکے گی۔ محدود وسائل میں ویکسینیشن سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن کی فراہمی کے بعد 30 منٹ مریض کی نگہداشت بھی کی جائے گی۔ جہاں کسی قسم کے پیچیدگی کی صورت میں ایمرجنسی میں علاج بھی کیا جاسکے گا۔ یومیہ بنیادوں پر این سی او سی کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے دیگر امور سرانجام دئیے جائیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق سندھ کے ضلع بدین، لاڑکانہ ، سکھر اور شہید بینظیر آباد میں بھی ویکسینیشن مراکز تیار کیے گئے ہیں۔

صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر کے وفد نے کراچی کے جناح اسپتال اور خالق دینا ہال میں قائم ویکسینیشن سینٹرز کا دورہ بھی کیا۔ ٹیم کے ہمراہ بریگیڈیئر اعجاز، ای پی آئی پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اکرم سلطان اور ڈی جی ہیلتھ سندھ بھی موجود تھے۔


متعلقہ خبریں