اسلام آباد میں خطرناک تیندوے کا ڈر



اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ایک بار پھر تیندوے کی تصاویر سامنے آگئیں۔

اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے کیمروں نے نایاب نسل کے مادہ تیندوے کی عکس بندی کردی۔ شہزادی نامی مادہ تیندوہ کو ٹریل 4 اور 6 کے درمیان گزشتہ 5 دنوں میں تین بار دیکھا گیا۔

اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے مطابق 28 جنوری کو شہزادی نامی تیندوے کو صبح 6 بجکر 23 منٹ پر دیکھا گیا۔ 29 جنوری کو شہزادی نامی تیندوے کو رات 8 بجکر 27 منٹ پر دیکھا گیا۔

اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے مطابق 31 جنوری کو صبح 5 بجکر 37 منٹ پر بھی تیندوے کو دیکھا گیا۔

دوسری جانب اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ راعنا سعید خان  نے شہریوں کو ٹریل 4 اور 6 پر محتاط رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

چیئرمین اسلام آباد وائلد لائف منیجمنٹ بورڈ  کے مطابق2019 سےاب تک مارگلہ ہلز نینشل پارک میں 5 مختلف تیندوں کو دیکھا گیا۔ سیاح اندھیرے سے پہلے مارگلہ ہلز سے واپس آجایا کریں۔

راعنا سعید خان کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں مارگلہ ہلز نینشل پارک میں جانے سے گریز کیا جائے، تمام تر حفاظتی انتظامات کر رہے ہیں، شہری بھی تعاون کریں۔

چیئرمین اسلام آباد وائلد لائف منیجمنٹ بورڈ راعنا سعید خان کا مزید کہنا ہے کہ ٹریل 4 کا گیٹ مغرب کے وقت بند کردیا جائے گا اور ٹریل 6 کا گیٹ جلد لگا دیں گے۔

اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کا مزید کہنا ہے کہ تندوے صرف سیلف ڈیفنس کے طور پر حملے کرتے ہیں، شہری محتاط رہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی  مارگلہ ٹریل پر ایک بار پھر تیندوے کی موجودگی نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: مارگلہ کی پہاڑیوں سے نایاب نسل کا تیندوا نیچے اتر آیا

تیندوے کی تصویر سامنے آنے پر اسلام آباد کے شہریوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی تھی۔ سوشل میڈیا پر لوگوں سے اندھیرے میں مارگلہ ہلز کے ٹریلز پر چہل قدمی نہ کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔

قبل ازیں لاک ڈاؤن کے دوران ایک اور نایاب نسل کے تیندوے کی تصویر سامنے آگئی تھی جسے 5 مئی کی صبح 5 بجے مارگلہ ہلز نیشنل پارک ٹریل فائیو پر دیکھا گیا۔

محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق تیندوا ڈبلیو ڈبلیو ایف کے کیمرے پر نظر آیا۔ خطرناک نسل کا تیندوا ٹریل فائیو پارکنگ سے صرف 500 میٹر دور تک آ پہنچا تھا۔

تیندوے کی تصویر محکمہ وائلڈ لائف کے بجائے ورلڈ وائلڈ لائف فاؤنڈیشن نے جاری کی۔

یہ بھی پڑھیں: چترال: پہاڑی بلی کی مارخور شکار کرنے کی ویڈیو سامنے آگئی

قبل ازیں سیاحتی مرکز گلیات میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی اور مکمل لاک ڈاون کے بعد جنگل کے تیندوے سڑکوں اور آبادیوں میں نکل آئے تھے۔

نتھیا گلی کے قریب ایک شہری دیر تک ایک تیندوے کی ویڈیو عکس بندی کرتا رہا اور تیندوا لب سڑک سیفٹی بلاک پردیر تک اٹھکیلیاں کرتا رہا۔

شہری کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئیں تیندوے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھیں اور عوام نے اس پر اپنی مختلف آرا شیئر کی تھی۔

گلیات میں پائے جانے والے تیندوے پیٹ کی آگ بجھانے کے لیے قریبی آبادیوں کا رخ کرتے ہیں جہاں وہ مقامی لوگوں کے پالتو مویشیوں کو نشانہ بنانے ہیں جبکہ گلیات میں یہ خونخوار تیندوے کئی انسانی جانوں کو بھی نشانہ بنا چکے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں