جنوبی افریقہ سے نایاب نسل کے چھ سیاہ گینڈے چاڈ منتقل کیے جائیں گے


پورٹ الزبتھ: جنوبی افریقہ سے نایاب نسل کے چھ سیاہ گینڈے (بلیک رائینوز) چاڈ منتقل کیے جا رہے ہیں۔

وسطی شمالی افریقہ میں گینڈے کی یہ نسل تیزی سے نایاب ہوتی جارہی ہے جسے بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔ تقریبا 50 برس بعد یہ دوبارہ چاڈ کے جنگلوں میں گھومتے پھرتے دکھائی دیں گے۔

جوہانسبرگ میں قائم جنگلی حیاتیات کے تحفظ کی تنظیم، افریقن پارکس، نے بتایا کہ ان گینڈوں کوطیارے کے ذریعے چاڈ کے ”زکومہ نیشنل پارک” پہنچایا جائے گا۔ اس پارک کا انتظام افریقن پارکس اور چاڈ کی حکومت مل کر سنبھالتی ہیں۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سیاہ گینڈوں کی نسل کو طویل عرصے تک باقی رکھنا اور چاڈ میں جنگلی حیات کے تنوع کو بحال کرنا ہے۔

تنظیم کے مطابق افریقی جنگلی حیاتیات میں اس وقت 25000 سے بھی کم گینڈے باقی ہیں جن میں 20 فیصد سیاہ جبکہ باقی تمام سفید گینڈے ہیں۔

اس وقت گینڈوں کی بڑی تعداد جنوبی افریقہ میں پائی جاتی ہے تاہم انہیں غیرقانونی طور پر شکار کر کے ان کے سینگ ایشیا کی مارکٹس میں بیچے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی تعداد تیزی سے کم ہو رہی ہے۔


متعلقہ خبریں