سوشل میڈیا پر تنقید: علامہ اقبال کے مجسمے کو ہٹانے کا کام شروع


لاہور: پنجاب حکومت نے لاہور کے گلشن اقبال پارک میں علامہ اقبال کے مجسمے کو ہٹانا شروع کر دیا۔

 گلشن اقبال پارک میں اقبال کا غلط مجسمہ لگانے پر سوشل میڈیا پر تنقید ہوئی تھی، مجسمہ پارک کے مالیوں نے لگایا تھا۔

تنقید کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مجسمہ ہٹانے کا حکم دیا تھا۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قومی ہیروز کے احترام کا خیال رکھا جائے گا۔ دانستہ یا نادانستہ طور پر ، کیے گئے اس اقدام کی انکوائری کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو ، قومی ہیروز ، کے احترام میں ، کمی نہیں کرنے دیں گے۔

خیال رہے کہ مجسمہ لاہور کے گلشن اقبال پارک میں گزشتہ سال جشن آزادی کے موقع پر نصب کیا گیا تھا۔

ملک کے نامور صحافیوں نے اس مجسمے کی تصویر اپنے تبصرے کے ساتھ شیئر کی ہے۔ صحافی حامد میر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ جناب ولید اقبال صاحب کیا آپ جانتے ہیں یہ کس کا مجسمہ ہے؟ کیا یہ کہیں سے بھی شاعر مشرق کا مجسمہ نظر آتا ہے؟

آپکی حکومت کے خیال میں یہ شاعر مشرق ہیں اور کسی سفارشی سےمجسمہ بنواکر عوام الناس کے لئے اسے گلشن اقبال لاہور میں سجا دیا گیا مجھے تو یہ مجسمہ دیکھ کر بہت افسوس ہوا ہے۔

خاتون صحافی عاصہ شیرازی نے بھی تصویر شیئر کی اور اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ نئے پاکستان میں علامہ اقبال ہی تبدیل کر دئیے گئے۔

ناصر بیگ چغتائی نے لکھا کہ لاہور کے اقبال پارک میں اگر یہ مجسمہ علامہ اقبال کا ہے تو سنگ تراش انتظامیہ اور منظوری دینے والے کو قلعے کے تہہ خانے میں بھوکے چوہوں کے ساتھ رکھا جائے پھر بھی بچ جائیں تو اسی مجسمے کے سر سے نیچے پھینکا جائے بار بار۔

رنجیت سنگھ کا مجسمہ تو گھوڑے سمیت بنا لیتے ہیں علامہ کا بنا سکے نہ ان کے قلم کا۔

علامہ اقبال کا مجسمہ کسی ماہر مجسمہ ساز نے نہیں بلکہ گلسن اقبال پارک میں کام کرنے والے مالیوں نے بنایا ہے۔ ہم نیوز نے چھ ماہ قبل اس مجسمے پر تفصیلی رپورٹ بھی نشر کی تھی۔

مالیوں نے تین ماہ کی انتھک محنت سے اپنی مدد آپ کے تحت شاعر مشرق علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تیار کیا تھا۔

یہ مجسمہ گزشتہ سال جشن آزادی کے موقع پر نصب کیا گیا تھا اور اس کو بنانے میں مالیوں نے کسی سے مالی امداد نہیں لی۔

پارک کے مالیوں نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اسٹور روم پڑے ہوئے کباڑ کو جمع کرکے علامہ اقبال کا مجسمہ بنایا گیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں