نئی دہلی: بچوں کو پولیو قطروں کی جگہ سینیٹائرز پلا دیا گیا


نئی دہلی: بھارت میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطروں کے بجائے غلطی سے سینیٹائزر پلا دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع یواتمل کے ایک گاؤں میں انتہائی سنگین لاپروائی کا مظاہرہ کیا گیا جہاں 12 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطروں کے بجائے سینیٹائزر پلا دیا گیا۔

ضلعی عہدیدار کے مطابق ایک بچے کی طبیعت بگڑنے کے بعد معلوم ہوا کہ غلطی سے سینیٹائرز پلا دیا گیا ہے۔ جس کے بعد تمام بچوں کو ضلع کے سرکاری اسپتال میں داخل کرا دیا گیا تاہم اب ان کی حالت بہتر ہے۔

لاپروائی کے واقعے پر ایک ڈاکٹر سمیت تین ہیلتھ کیئر ورکرز کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ دو روز قبل بھارت میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: یورپ میں مصنوعی دل کے فروخت کی اجازت

واضح رہے کہ پولیو ایک عام وائرس ہے جو چھوٹے بچوں کے اعصاب کو متاثر کرسکتا ہے جس کی وجہ سے پٹھے کمزور ہو جاتے ہیں۔ اس کا کوئی علاج موجود نہیں ہے تاہم ویکسینیشن کے باعث اس کے انفیکشن سے بچا جا سکتا ہے۔

گزشتہ تین سال سے پولیو کا کوئی کیس سامنے نہ آنے کے بعد عالمی ادارہ صحت نے سال 2014 میں بھارت کو پولیو فری ملک قرار دے دیا تھا۔


متعلقہ خبریں