بانیان پاکستان کی جائیدادیں: اینٹی کرپشن پنجاب قبضہ چھڑوانے میں ناکام

بانیان پاکستان کی جائیدادیں: اینٹی کرپشن پنجاب قبضہ چھڑوانے میں ناکام

لاہور: محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب  بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح، مادر ملت فاطمہ جناح اور شہید ملت لیاقت علی خان ک  گلبرگ میں وقف شدہ اربوں روپے کی  جائیداد پر قبضہ چھڑوانے میں ناکام ہوگیا۔

محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے  قائداعظم محمد علی جناح، فاطمہ جناح اور لیاقت علی خان کی اراضی پر قبضہ کی انکوائری کو الماریوں  میں بند کردیا۔

اینٹی کرپشن نے سال 2019 میں اراضی پر قبضے کی سورس رپورٹ تیار کی تھی۔ اینٹی کرپشن نے ایل ڈی اے اور محکمہ مال سے ریکارڈ بھی حاصل کیا تھا لیکن اس حوالے سے انکوائری جوں کی توں ہے۔

محکمہ اینٹی کرپشن نے اپنی سورس رپورٹ میں قائد اعظم محمد علی جناح، فاطمہ جناح اور نواب لیاقت علی خان کی ٹرسٹ کیلئے وقف کردہ اراضی پر قبضہ کا انکشاف کیا تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی: سپریم کورٹ کا کڈنی ہل پارک کی زمین واگزار کرانے کا حکم

سورس رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ گلبرگ پیس شاپنگ سنٹر کے قریب بانیان پاکستان کی اربوں روپے کی 29 کنال اراضی پر عالیشان گھر، عمارتیں اور پلازے تعمیر کیے جاچکے ہیں۔

محکمہ اینٹی کرپشن نے اپنی سورس رپورٹ میں بانیان پاکستان کی اراضی پر طاقتور افراد کے قابض ہونے کا انکشاف کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن کی ٹیم نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح، فاطمہ جناح اور لیاقت علی خان کی وقف شدہ اراضی پر قبضے سے متعلق انکوائری کی فائل کو دبا دیا ہے۔

ہم نیوز کی جانب سے رابطہ کرنے پر  ترجمان اینٹی کرپشن  وقار جپھہ نے کہا کہ  ہم نے سورس رپورٹ پر انکوائری کا آغاز کیا تھا۔ ابھی انکوائری چل رہی ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح، مادر ملت اور شہید ملت کی وقف شدہ اراضی پر متعدد افراد قابض ہیں۔


متعلقہ خبریں