ہم حزب اختلاف کو کوئی ٹف ٹائم نہیں دے رہے، شیخ رشید


راولپنڈی: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم حزب اختلاف کو کوئی ٹف ٹائم نہیں دے رہے جبکہ سیاست میں مذاکرات ہی بہترین راستہ ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) لانگ مارچ سے آگے نہیں جائے گی اور پی ڈی ایم کے غصے میں بھی کمی آچکی ہے

سینیٹ انتخابات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات مارچ میں ہوں گے اور اس سے جمہوریت مزید مضبوط ہو گی۔ مولانا فضل الرحمان خود سینیٹ انتخابات میں حصہ لیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان کی خواہش ہے سینیٹ انتخابات میں خرید و فروخت نہ ہو۔

شیخ رشید نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات ہی بہترین راستہ ہوتا ہے اور میں حزب اختلاف اپوزیشن سے توقع رکھتا ہوں عقل کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے کیونکہ جس نے انتخاب لڑنا ہوتا ہے وہ مارکیٹ میں ہوتا ہے۔ جو بول رہے ہیں استعفے دیں گے وہ اپنے فیصلے پر غور کریں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم چاہتے ہیں اراکین اسمبلی میں جرات ہو اور وہ سینہ تان کرووٹ دے سکیں اسی لیے سینیٹ انتخاب میں اوپن ووٹنگ میں حزب اختلاف کو حصہ لینا چاہیے۔ ہماری خارجہ پالیسی بہترین ہے اور ہم حزب اختلاف کو کوئی ٹف ٹائم نہیں دے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہ آیا

انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی سے میرا کوئی رابطہ نہیں ہے۔ پی ڈی ایم اپنے اجلاس میں جو بھی فیصلہ کرے گی اس سے متعلق کل لال حویلی کے باہر جواب دوں گا۔ مذاکرات کا دوسرا نام جمہوریت ہے۔ سیاست بند گلی میں داخل ہونے کا نام نہیں ہے۔

وزیر داخلہ نے وقارالنسا کالج کو یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کالج کے لیے ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا تھا تاہم 5 کروڑ روپے مزید دینے کا اعلان کرتا ہوں۔


متعلقہ خبریں